عمران خان پاکستان کی آخری امید ہیں: بہروز سبزواری

پاکستان کے سینئر اداکار بہروز سبزواری نے وزیر اعظم عمران خان کو ملک کی آخری امید قرار دے دیا۔

پاکستان سپر لیگ کے موقع پر جیو نیوز کے خصوصی پروگرام 'جشنِ کرکٹ' میں اداکار بہروز سبز واری اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کی رہنما حنا پرویز شریک ہوئیں، دونوں مہمانوں نے مختلف سیگمنٹس میں میزبان کے دلچسپ سوالات کے جواب دیے۔

اس موقع پر بہروز سبزواری نے کہاکہ میں یہ نہیں کہوں گا کہ موجودہ حکومت میں کرپشن نہیں ہے، معذرت کے ساتھ کرپشن ہماری نس نس میں سرائیت کرچکی ہے۔

اداکار کا کہنا تھا کہ عمران خان سچے لیڈر ہیں اور وہ پاکستان کی آخری امید ہیں، ان کو ذاتی طور پر جانتا ہوں، انہیں میں نے کبھی چینی اور آٹا چراتے ہوئے نہیں دیکھا۔ 

نواز شریف آئندہ انتخابات میں چوتھی مرتبہ وزیراعظم بنیں گے: حنا پرویز

بہروز سبزواری کا کہنا تھا کہ وہ عمران خان کو اگلی بار بھی وزیر اعظم دیکھ رہے ہیں جب کہ حنا پرویز نے کہا کہ نواز شریف اس ملک کی آخری امید ہیں اور وہ آئندہ انتخابات میں چوتھی مرتبہ وزیراعظم بنیں گے جس پر بہروز سبزواری نے کہا کہ وہ پہلے پاکستان آجائیں پھر وزیر اعظم بھی ضرور بنیں گے۔

اداکار نے اپنے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ کم عمر لگتے نہیں بلکہ کم عمر ہیں اور انہوں نے بھی پیسے جمع کرنےکے لیے کمیٹیاں ڈالی ہیں۔

دوسری جانب حنا  پرویز  نے  کراچی کنگز  کی کارکردگی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ کراچی کنگز کا وہی حال ہے جو عمران خان کا ہے، مشکل ہے کہ وزیراعظم مارچ بھی نکال جائیں۔

لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ اگر میں سیاستدان نہ ہوتی تو ڈاکٹر ہوتی۔

مزید خبریں :