16 فروری ، 2022
پاکستان سپر لیگ 7 میں گزشتہ شب پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے میچ کے دوران 2 ایسے مناظر دیکھنے میں آئے جس نے صارفین کی تمام تر توجہ اپنی جانب کھینچ لی۔
پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے میچ میں پہلا منظر بیٹر بین کٹنگ اور کوئٹہ کے سہیل تنویر کے درمیان تلخ کلامی کی صورت میں جب کہ دوسرا کوئٹہ کی بیٹنگ کے دوران دیکھا گیا۔
ہوا کچھ یوں کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے بیٹر عمر اکمل پانچویں نمبر پر بیٹنگ کرنے آئے تو ان کا سامنا اپنے برادر نسبتی عثمان قادر سے ہوا، عثمان نے تیسری گیند کھیلنے والے عمر اکمل کو محض ایک رن پر آؤٹ کرلیا۔
عثمان قادر نے عمر اکمل کی وکٹ لینے کے بعد ایک کاغذ کا ٹکڑا نکالا اور وہ سیلبریشن کے طور پر کیمرے کی طرف دکھایا۔
میچ کے اختتام پر عثمان قادر سے جب وقار یونس نے عمر اکمل کی وکٹ کے حوالے سے پوچھا تو انہوں نے کہا کہ 'اس حوالے سے میں زیادہ کچھ نہیں کہنا چاہوں گا، بس یہ ہی کہوں گا کہ اللہ سب سے بڑا تدبیر کرنے والا ہے'۔
وقار یونس نے مزید کہا کہ عثمان آپ نے عمر اکمل کی وکٹ لینے کے بعد ایک پرچہ دکھایا تھا، اس پر کیا تحریر کیا تھا؟
جواب میں کرکٹر نے کہا کہ شاید کیمرا میں واضح نہیں ہوا، میں نے پرچے پر بھی یہ ہی لکھا تھا کہ اللہ بڑا تدبیر کرنے والا ہے (Allah Is The Biggest Planner)۔
کرکٹر کے اس انداز پر سوشل میڈیا صارفین میں ملے جلے تاثرات پائے جارہے ہیں، کسی نے کہا کہ عثمان قادر نے عمر اکمل کے لیے یہ پرچہ دکھایا جب کہ کوئی کہہ رہا ہے کہ عثمان قادر نے ماضی میں خود پر ہونے والی تنقید کا جواب دیا ہے۔
اسی حوالے سے پشاور زلمی کے سابق ڈیجیٹل میڈیا اور کانٹینٹ ہیڈ نے ٹوئٹ میں کہا کہ عثمان قادر کی سلیبریشن کا عمر اکمل سے کوئی تعلق نہیں تھا، عثمان قادر نے وہ پرچہ اس لیے دکھایا تاکہ وہ لوگوں کو بتاسکیں کہ وہ کسی کی سفارش (پرچی) پر ٹیم کا حصہ نہیں بنا۔
واضح رہے کہ عثمان قادر نے گزشتہ شب 4 اوورز میں صرف 25 رنز دے کر تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جب کہ پشاور کو 24 رنز سے میچ میں کامیابی حاصل ہوئی۔