17 فروری ، 2022
پاکستان میں پیٹرول کی قیمتیں ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچنے کے بعد سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے نت نئے مشورے دیے جارہے ہیں۔
پیٹرول کی قیمت میں اضافے سے پریشان عوام نے اب سوشل میڈیا کا سہارا لے لیا ہے جس میں دلچسپ چیزیں سامنے آرہی ہیں۔
میزبان حسن چوہدری کی جانب سے ایک ویڈیو شیئر کی گئی ہے جس میں ٹریفک میں ایک شخص کو گھوڑے پر سواری کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔
حسن نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا کہ یہی وہ طریقہ ہے جس سے کراچی کے ٹریفک کو شکست دی جاسکتی ہے۔
لیکن حسن چوہدری کے ٹریفک جام سے بچنے کیلئے پیش کیے گئے حل کو سوشل میڈیا صارفین نے پیٹرول کی قیمت سے بھی جوڑ دیا اور صارفین اس ویڈیو کو پیٹرول کی قیمتیں بڑھنے کے بعد گاڑی سے گھوڑوں تک کے سفر سے منسلک کرتے دکھائے دیے۔
واضح رہے کہ حال ہی میں حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمت میں بڑا اضافہ کیا ہے جس کے تحت پیٹرول 12 روپے 3 پیسے فی لیٹر اضافے کے ساتھ 159 روپے 86 پیسے تک جا پہنچا ہے۔
اس کے علاوہ ڈیزل کی قیمت میں بھی 9 روپے 53 پیسے فی لیٹر کا اضافہ کیا گیا ہے جس کے بعد ڈیزل کی نئی قیمت 154 روپے 15 پیسے ہو گئی ہے۔