21 فروری ، 2022
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی ) نے 4 مارچ سے آسٹریلیا اور پاکستان کے درمیان شروع ہونے والی ٹیسٹ سیریز کے لیے کمنٹیٹرز کی فہرست کو حتمی شکل دے دی۔
مختلف کرکٹ ویب سائٹس میں شائع ہونے والی رپورٹس کےمطاابق کمنٹیٹرز کی فہرست میں آسٹریلین نژاد غیر ملکی کمنٹیٹر مائیک ہیزمین، سابق آسٹریلین اوپنر میتھیو ہیڈن اور روبکی انتظار کن سیریز میں کمنٹری کے فرائض سرانجام دیں گے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستانی کمنٹیٹرز میں سابق کپتان وسیم اکرم ،وقار یونس ، بازید خان اور عروج ممتاز شامل ہیں جب کہ اسپورٹس جرنلسٹ زینب عباس آسٹریلیا اور پاکستان کے درمیان کھیلی جانے والی سیریز میں پریزینٹیٹر کے فرائض سرانجام دیں گی۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری دورہ آسٹریلیا کے نئے شیڈول کے مطابق تین ٹیسٹ، تین ون ڈے اور ایک ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز پر مشتمل سیریز کا آغاز راولپنڈی سے ہو گا۔
اعلامیے کے مطابق مہمان ٹیم 4 سے 8 مارچ تک راولپنڈی میں پہلا ٹیسٹ میچ کھیل کر دورہ پاکستان کا آغاز کرے گی جب کہ سیریز میں شامل چاروں وائٹ بال میچز بھی راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے لہٰذا مہمان ٹیم اب راولپنڈی میں آخری ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ کھیلنے کے بعد وطن واپس روانہ ہو جائے گی۔
سیریز کا دوسرا ٹیسٹ میچ 12 سے 16 مارچ تک کراچی اور تیسرا ٹیسٹ میچ 21 سے 25 مارچ تک لاہور میں کھیلا جائے گا۔