Time 22 فروری ، 2022
پاکستان

کورونا: تین شہروں کے علاوہ تمام شہروں میں نرمی، اسکول مکمل کھولنے کی اجازت

ملک بھر میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح کم ہونے کے باعث تین شہروں کے علاوہ تمام شہروں میں کورونا پابندیوں میں نرمی کردی گئی۔

کورونا پابندیوں کےحوالے سے این سی او سی کے جائزہ اجلاس میں ملک بھر میں کورونا مثبت کیسز کا تفصیلی جائزہ لیا گیا جس میں فیصلہ کیا گیا کہ 3  شہروں گلگت،مردان، اور مظفر آباد میں کورونا مثبت کیسز کی شرح ابھی بھی 10 فیصد ہونے کے باعث کورونا پابندیوں کا اطلاق جاری رہے گا۔

این سی او سی نے  باقی تمام شہروں میں کورونا پابندیوں میں نرمی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔

نرمی کے بعد  پبلک ٹرانسپورٹ 70 سے بڑھا کر 80 فیصد مسافروں اور ٹرین مکمل گنجائش کے ساتھ چلا نے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاہم اندرون ملک پروازوں اور پبلک ٹرانسپورٹ میں بیوریج کی سرونگ پر پابندی 28 فروری تک برقرار رہے گی۔

نوٹیفکیشن کےمطابق ریلوے میں دوران سفر مسافروں کی گنجائش 80 فیصد سے بڑھا کر 100 فیصد کر دی گئی جب کہ تعلیمی اداروں کو ایس او پیز کے تحت مکمل طور پر کھولنے کی اجازت دے دی گئی ہے ۔

نوٹیفکیشن  کے مطابق تین شہروں کے علاوہ باقی شہروں میں ان ڈور اجتماعات میں شرکا کی تعداد 300 سے بڑھا کر 500  تک کرنے کی اجازت دے دی گئی ہے ، آؤٹ ڈور تقریبات اور اجتماعات کی اجازت ہوگی۔

مزید خبریں :