23 فروری ، 2022
انسٹاگرام کی دوستی پر آشنا سے مل کر شوہر کو قتل کرنے کے الزامات کا سامنا کرنے والی گرفتار ملزمہ عرین جنت نے کراچی کے تھانے میں برہنہ کرکے تشدد کرنے اور ویڈیو بنانے کا الزام عائد کیا ہے۔
ملزمان کو منگل کو پولیس ریمانڈ ختم ہونے پر جیل بھیج دیا گیا، جیل روانگی سے قبل ملزمہ نے ایک ویڈیو بیان ریکارڈ کرایا جس میں عرین جنت نے مقدمے کے مدعی اور خاتون ایس ایچ او پر سنگین الزامات عائد کیے ہیں۔
ملزمہ عرین جنت کا ویڈیو بیان میں کہنا تھا کہ مدعی مقدمہ رضوان تفتیشی افسر کے پاس تھانے آتا تھا اور میرے پاؤں پر پاؤں رکھ کر سگریٹ پیتا رہتا تھا، مدعی رضوان شیخ اقرار جرم کا کہتا تھا، رضوان کہتا رہا کہ ایک دفعہ بول دو میں تمہیں معاف کر دوں گا۔
ملزمہ عرین جنت نے لیاقت آباد میں واقع ویمن ویسٹ زون تھانے میں بھی بدسلوکی کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ ویمن پولیس اسٹیشن میں انہیں مدعی کے سامنے آنکھوں پر پٹی باندھ کر تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔
عرین جنت کے مطابق 2 پولیس والیاں دوپٹہ اتار کر آنکھوں پر پٹی باندھ کر مجھے رضوان کے پاس لے گئیں، تھانے میں کپڑے اتار کر تشدد کیا گیااور برہنہ ویڈیو بھی بنائی جاتی رہی۔
ملزمہ عرین جنت کے مطابق رضوان کہتا تھا کہ میں اپنی بیوی کو بھی لے کر آتا ہوں وہ بھی اسے مارے گی، رضوان کے کہنے پر مارا پیٹا گیا۔
دوسری جانب ریمانڈ ختم ہونے پر عدالت کے حکم پر ملزمہ عرین جنت کو جیل بھیج دیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ ملزمہ عرین جنت پر انسٹاگرام سے دوست بننے والے سلمان سے زہر منگوا کر شوہر کو قتل کرنے کا الزام ہے۔
اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام نبی میمن کا کہنا ہے کہ انہوں نے ویڈیو دیکھی ہے اور تحقیقات کے لیے ایس ایس پی کو انکوائری افسر مقرر کر دیا ہے۔