Time 24 فروری ، 2022
دنیا

100 جنگی طیارے، 120 بحری جہاز روس سے دفاع کیلئے تیار ہیں، نیٹو

امریکا، یورپی یونین، برطانیہ، اقوام متحدہ اور نیٹو نے یوکرین پر روس کے حملے کی مذمت کی ہے۔

امریکی صدر جو بائیڈن نے روس پر مزید سخت پابندیاں لگانے کا اعلان کردیا ہے جبکہ یورپی یونین نے کہا ہے کہ یورپی یونین روسی جارحیت کا سخت ترین پابندیوں سے جواب دے گی، روس کو عالمی تنہائی کے نتائج بھگتنا ہوں گے۔

روس اور یوکرین کے معاملے پر مغربی دفاعی اتحاد نیٹو کا سربراہی اجلاس کل ہوگا، فوجی اتحاد نے روس سے کارروائی فوری ختم کرنے کا مطالبہ کیا ہے اور کہا ہے کہ روس طاقت کی مدد سے تاریخ تبدیل کرنا چاہتا ہے، یوکرین سے اس کی آزادی اور خود مختاری چھین رہا ہے۔

خیال رہے کہ نیٹو اور امریکا واضح کرچکے ہیں کہ وہ افواج کو یوکرین نہیں بھیجیں گے، ترکی نے بھی روس کے فوجی آپریشن کو مسترد کردیا ہے۔

یوکرین پر روس کے حملے پر نیٹو کے چیف جینز اسٹولٹن برگ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ شمالی امریکا اور یورپ کے اتحادیوں نے نیٹو کے مشرقی رکن ممالک میں پہلے ہی ہزاروں فوجی تعینات کردیے ہیں اور فوجی دستوں کو تیار رہنے کی ہدایات جاری کردی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہماری فضائی حدود کے تحفظ کیلئے 100 جنگی طیارے ہائی الرٹ ہیں جبکہ بحیرہ روم میں اتحادیوں کے 120 جنگی جہاز موجود ہیں، ہم روسی جارحیت سے اپنے اتحادیوں کو بچانے کیلئے ہر ممکن اقدامات کریں گے۔

نیٹو چیف نے آئندہ کا لائحہ عمل طے کرنے کیلئے نیٹو کا ورچوئل سربراہی اجلاس کل طلب کرلیا ہے۔

خیال رہے کہ یوکرین چونکہ یورپی یونین اور نیٹو کا رکن ملک نہیں لہٰذا یورپی و امریکی افواج یہاں براہ راست مداخلت نہیں کرسکتیں۔

روس اور یوکرین کے درمیان تنازع کی بنیادی وجہ بھی یوکرین کی یورپی یونین اور نیٹو میں شمولیت کی خواہش ہے جبکہ روس اسے اپنی سلامتی کے خلاف سمجھتا ہے۔

مزید خبریں :