25 فروری ، 2022
روس اور یوکرین کے درمیان جنگ پرافغانستان کی طالبان حکومت نے بیان جاری کردیا۔
افغان وزارت خارجہ کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ روس اور یوکرین کی صورتحال کا بغور جائزہ لے رہے ہیں اور شہریوں کی ممنکہ ہلاکتوں کے حوالے سے فکر مند ہیں۔
ترجمان کا کہنا تھاکہ یوکرین میں تمام فریقین تحمل سے کام لیں اور جنگ سے متعلق شدت کے مؤقف سے گریز کریں۔
ترجمان کے مطابق افغانستان کی خارجہ پالیسی بالکل غیرجانبدار ہے اور ہم فریقین سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ تنازع کا مذاکرات اور پرامن طریقوں سے حل نکالیں۔
افغان وزرات خارجہ نے فریقین سے یوکرین میں افغان طلبہ اور دیگر شہریوں کی زندگیوں کا خیال رکھنے کا مطالبہ بھی کیا۔
خیال رہے کہ روس نے یوکرین پر حملہ کردیا ہے جس کے بعد یوکرین کے مختلف شہروں میں جنگ جاری ہے۔
دونوں ممالک کی جانب سے ایک دوسرے کے خلاف کامیابی کے دعوے کیے گئے ہیں تاہم ان کی آزاد ذرائع سے تصدیق نہیں ہوسکی ہے۔