Time 27 فروری ، 2022
پاکستان

بارڈر کراسنگ میں مشکلات کو حل کرلیا، یوکرین میں پاکستانی سفیر کا بیان

یوکرین میں تعینات پاکستان کے سفیر نوئیل کھوکر نے کہا ہے کہ 156 پاکستانیوں نے یوکرین کی سرحد عبور کرلی ہے۔

جیو نیوز سے گفتگو میں نوئیل کھوکر کا کہنا تھاکہ بارڈر کراسنگ میں مشکلات کو حل کرلیا ہے۔

ان کا کہنا تھاکہ 378 پاکستانی اِس وقت پولینڈ بارڈر کراسنگ  اور 6 پاکستانی ہنگری بارڈر کراسنگ پر موجود ہیں جبکہ 78 پاکستانی یوکرین سے بارڈر کی طرف بڑھ رہے ہیں۔

دوسری جانب یوکرین میں پھنسے پاکستانیوں کو سرحد عبور کرنے میں بدستورپریشانی کا سامنا ہے۔

دھماکوں،گولیوں اور شدید ٹھنڈ سے مقابلہ کرکے یوکرین میں 20 فیصد طلبہ پولینڈ کے بارڈر تک پہنچنے میں کامیاب تو ہوگئے مگر آزمائش ختم نہ ہوئی۔

طلبہ کو پولینڈ کی سرحد عبور کرنے میں بھی رکاوٹوں کا سامنا ہے جبکہ سفارت خانے کی بے حسی برقرار ہے۔

طلبہ کا کہناہے کہ میلوں پیدل چلتے اور ہزاروں ڈالر خرچ کرکے سرحد پر آئے ہیں مگر یہاں بھی سفارت خانے کا عملہ مدد کیلئے موجود نہیں جبکہ مرد طلبہ کو پولینڈ میں داخلے کی اجازت نہیں دی جارہی ہے۔

طلبہ کا کہنا ہےکہ فون کرو تو سفارتکار کہتے ہیں کہ ’جو کرنا ہے خود کرو‘۔

طلبہ کا کہنا تھاکہ سفارتخانے والوں نے دھوکہ دیا، ہمیں بس میں بیٹھا کر خود علیحدہ گاڑیوں میں چلے گئے۔ طلبہ نے حکام پر سرحد پار کروانے کیلئے پیسے لیے جانے کا بھی الزام لگایا۔

مزید خبریں :