28 فروری ، 2022
اپوزیشن کی جانب سے ق لیگ کے رہنماؤں سے مسلسل ملاقات کےبعد وزیراعظم عمران خان نے بھی ق لیگ کی اعلیٰ قیادت سے ملاقات کا فیصلہ کرلیا۔
وزیراعظم عمران خان کل لاہور کا دورہ کریں گے جہاں ان کی چوہدری برادران سے ملاقات متوقع ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم حکومت کے اہم اتحادی ق لیگ کے تحفظات سنیں گے، مشکل وقت میں ساتھ نہ چھوڑنے کی درخواست بھی کریں گے۔
عدم اعتماد کی تیز ہوتی کوششوں اور نمبر گیم میں ق لیگ ترپ کا پتہ بن گئی، آصف زرداری اور مولانا فضل الرحمان کی چوہدری برادران سے دو دو ملاقاتیں ہوچکی ہیں جبکہ صدر ن لیگ اختلافات کو ایک طرف رکھ چوہدری برادران سے 14سال بعد ملنے آئے تھے۔
وزیراعظم عمران خان کل لاہورکا ایک روزہ دورہ کریں گےجس کے باعث کل ہونے والا وفاقی کابینہ کا اجلاس ملتوی کردیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے دورہ لاہور میں گورنر، وزیراعلیٰ پنجاب ملاقاتیں کریں گے۔
وزیراعظم سے پنجاب کی کابینہ اور ارکان اسمبلی کی ملاقات بھی ہوگی، وزیراعظم پنجاب کے پارلیمانی بورڈ کے اجلاس کی صدارت کریں گے، اجلاس میں بلدیاتی الیکشن کے حوالے سے اہم فیصلے کیے جائیں گے۔