دنیا
Time 28 فروری ، 2022

یوکرینی جنگجو روس کے چیچن فوجیوں کو ڈرانےکیلئےکارتوس پر سورکی چربی لگانے لگے

یوکرین میں  انتہائی دائیں بازو کے قوم پرستوں پر مشتمل رضاکاروں کے عسکری یونٹ 'آزوو بٹالین'  کی جانب سے روس کے چیچن مسلمان فوجیوں کے خلاف استعمال کے لیے کارتوسوں کو سور کی چربی لگائے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔

یوکرینی نیشنل گارڈ کی جانب سے ٹوئٹر پر ایک ویڈیو شیئر کی گئی ہے جس میں مبینہ طور پر  آزوو بٹالین کا  ایک اہلکار  کارتوس کو  چربی لگارہا ہے، مذکورہ ویڈیو کی آزاد ذرائع سے تصدیق نہیں ہوسکی ہے۔

 نیشنل گارڈ کے مطابق آزوو بٹالین کا جنگجو کارتوسوں کو سور کی چربی لگارہا ہے تاکہ اسے روسی جمہوریہ چیچنیا کے مسلمان فوجیوں کے خلاف استعمال کیا جاسکے۔

ویڈیو میں اہلکار  مسلمان فوجیوں سے مخاطب ہوتے ہوئے کہہ رہا ہےکہ 'تم لوگ ہمارے ملک میں آکر جنت میں نہیں جاسکو گے، اس لیے واپس چلے جاؤ ، یہاں بہت مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا'۔

خیال رہےکہ یوکرین کی جنگ میں چیچنیا کے یونٹس بھی لڑ رہے ہیں اور مبینہ طور پر  ہزاروں چیچن اہلکار یوکرین میں داخل ہوئے ہیں۔

واضح رہےکہ  'آزوو بٹالین' انتہائی دائیں بازو کے قوم پرستوں پر مشتمل رضاکاروں کی عسکری تنظیم ہے جو کہ نازی ازم سے بھی متاثر ہے، یہ تنظیم 2014 میں کریمیا کی جنگ کے دوران بنائی گئی تھی اور بعد ازاں سے یوکرینی فوج میں رضاکار یونٹ کے طور پر ضم کرلیا گیا۔

رپورٹ کے مطابق یوکرینی فوج میں ضم ہونےکے باوجود  'آزوو بٹالین' کے جنگجو دوسری جنگ عظیم کے دوران نازیوں کی جانب سے اپنایا گیا نشان استعمال کر رہے ہیں، اسی لیے گذشتہ دنوں  روسی صدر نےکہا تھا کہ یوکرین میں ان کے 'آپریشن' کا مقصد یوکرین کو اسلحے اور نازی ازم سے پاک کرنا ہے۔


مزید خبریں :