16 فروری ، 2012
اسلام آباد … سافٹا کے تحت علاقائی تجارت کے فروغ کیلئے تمام رکن ممالک تعاون بڑھانے، حساس اشیاء کی لسٹ میں بتدریج کمی اور نان ٹیرف رکاوٹیں دور کرنے پر متفق ہو گئے ہیں۔ سارک وزرائے تجارت کے اجلاس کے بعد مشترکہ اعلامیہ جاری کیا گیا ہے، جس کے مطابق رکن ممالک نے علاقائی تجارت کے فروغ کیلئے باہمی تعاون بڑھانے اور تجارت میں حائل نان ٹیرف، پیرا ٹیرف رکاوٹیں دور کرنے پر اتفاق کرتے ہوئے معاملے کو ماہرین کی خصوصی کمیٹی میں پیش کرنیکا فیصلہ کیا ہے۔ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ رکن ممالک آزادانہ تجارت بڑھانے کیلئے منفی اشیاء کی فہرست میں بتدریج مزید کمی کریں گے۔ سروسز کے شعبے میں ہونے والے معاہدے پر عملدرآمد یقینی بنانے پر زور دینے کے علاوہ خطے کے لوگوں کی آزادانہ نقل و حرکت کو ضروری قرار دیا گیا ہے۔ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ سافٹا کے تحت آزادانہ تجارت کے فروغ کو یقینی بنانے کیلئے تمام رکن ممالک کو کسٹم نوٹی فکیشن رواں سال تک جاری کرنے چاہئیں۔ سارک وزرائے تجارت نے خطے میں مواصلات کے نظام کے فروغ کیلئے باہمی تعلقات بڑھانے کی ضرورت پربھی زور دیا ہے۔