Time 02 مارچ ، 2022
کھیل

شعیب اختر نے آفریدی کی 'صحیح' عمر پوچھنے کے بعد ٹوئٹ ڈیلیٹ کردی

شعیب اختر نے اپنی یہ ٹوئٹ اکاؤنٹ سے ڈیلیٹ کردی__فوٹو فائل
شعیب اختر نے اپنی یہ ٹوئٹ اکاؤنٹ سے ڈیلیٹ کردی__فوٹو فائل

سابق فاسٹ بولر شعیب اختر نے سابق کپتان  شاہد آفریدی سے اُن کی درست عمر پوچھی اور پھر وہ ٹوئٹ ڈیلیٹ کردی۔

گزشتہ روز  شاہد آفریدی کی سالگرہ کے موقع  پر انہیں مداحوں سمیت ساتھی کرکٹرز کی جانب سے محبت بھرے پیغامات موصول ہوئے۔

اسی موقع پر شعیب اختر نے بھی سابق کپتان کو سالگرہ کی مبارکباد دیتے ہوئے ان سے درست عمر پوچھی اور کہا کہ ' لالا اب تو صحیح والی عمر بتادے'، بعد ازاں شعیب اختر نے اپنی یہ ٹوئٹ اکاؤنٹ سے ڈیلیٹ کردی۔

تاہم شعیب اختر کے ٹوئٹ پر ردّعمل دیتے ہوئے شاہد آفریدی نے اُن کا شکریہ ادا کیا اور مزاحیہ انداز میں کہا کہ ’بھائی! وقت بھاگ رہا ہے۔‘

شاہد آفریدی کی اصل عمر کیا ہے؟

خیال رہے کہ پاکستان کے سابق کپتان شاہد آفریدی کی تاریخ پیدائش نے اپنے پورے کیرئیر میں بہت زیادہ تنازعات پیدا کیے ہیں۔ 

کرکٹ ویب سائٹ کرک انفو کے مطابق آفریدی نے اپنی سوانح عمری گیم چینجر میں انکشاف کیا تھا کہ وہ 1975 میں پیدا ہوئے  تاہم پبلیکیشن کا کہنا تھا کہ آفریدی نے کتاب میں مہینہ یا دن شیئر نہیں کیا۔

یہاں یہ بات بھی قابلِ ذکر ہے کہ  گزشتہ برس انہوں نے سالگرہ کے موقع پر ہی اپنی عمر 44 برس بتائی تھی۔

کرک انفو کے پلیئر پروفائل پیجز اور آفیشل ریکارڈز پر ان کی تاریخ پیدائش یکم مارچ 1980 درج ہے۔

مزید خبریں :