Time 02 مارچ ، 2022
پاکستان

’ہم بالکل نہیں گھبرارہے‘، وزیراعظم کی چوہدری برادران سے ملاقات کی اندرونی کہانی

لاہور: وزیراعظم عمران خان اور چوہدری برادران کی ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے چوہدری شجاعت  سے پوچھا کہ چوہدری شجاعت  صاحب آپ کی صحت میں دن بدن بہتری آ رہی ہے، آپ منجھے ہوئے اور زیرک سیاست دان ہیں ،  کئی لوگ صحت پوچھنے کے بہانے آپ کے پاس آ رہے ہیں۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم کی  بات پر چوہدری شجاعت نے عمران خان سے مکالمہ کیا کہ کون سےلوگ آرہے ہیں؟ آپ کن کی بات کررہےہیں؟ اس پر وزیراعظم نے کہا کہ آپ سمجھ رہے ہیں میں کن کی بات کر رہا ہوں۔

ذرائع نے بتایا کہ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ میں شہبازشریف کی بات کررہا ہوں جن کو آپ کی یاد 14 سال بعد آئی۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم کی بات پر چوہدری برادران اور وفاقی وزرا نے قہقہہ  لگایا جب کہ پرویز الٰہی  نے کہا  کہ اس طرح تو ہوتا ہے اس طرح کے کاموں میں۔

ذرائع کے  مطابق وزیراعظم نے چوہدری برادران سے کہا کہ آپ مجھ سے اور میں آپ سے جدا نہیں ہوں، چھوٹی موٹی چیزیں چلتی رہتی ہیں، میں اور میرے ساتھی بالکل نہیں گھبرارہے۔

وزیراعظم  کی اس بات پر ایک بار پھر حاضرین نے زور دار قہقہہ لگایا۔

(ق) لیگ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نے تحریک عدم اعتماد  پر چوہدری برادران سے کوئی  بات  نہیں کی جب کہ اس بات کا ذکر چوہدری برادران نے بھی نہیں کیا۔

مزید خبریں :