03 مارچ ، 2022
سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف نے وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کے معاملے پر اپوزیشن کو گرین سگنل دے دیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف نے شہباز شریف، مولانا فضل الرحمان اور آصف علی زرداری کو عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانے کا گرین سگنل دے دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق تحریک عدم اعتماد کی کامیابی پر اپوزیشن کے تین بڑوں میں فوری انتخابات پر اتفاق کا امکان پیدا ہو گیا ہے۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ پیپلز پارٹی فوری انتخابات کی بجائے آئینی مدت پوری کرنے پر بضد تھی اور حکومت کی اتحادی جماعتوں نے بھی آئینی مدت پوری ہونے کا چارٹر آف ڈیمانڈ دیا تھا۔
ذرائع کے مطابق ایم کیو ایم اور ق لیگ فوری انتخابات پر راضی نہیں تھیں اور پیپلز پارٹی حکومتی اتحادی جماعتوں کے مؤقف کی حامی تھی۔
تاہم اب ذرائع کا دعویٰ بھی ہے کہ وزیراعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد کے معاملے پر اپوزیشن میں ڈیڈ لاک ختم ہو گیا ہے اور پی ڈی ایم نے پیپلز پارٹی کو فوری انتخابات پر قائل کر لیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اپوزیشن جماعتوں میں ڈیڈ لاک کے باعث ہی تحریک عدم اعتماد کا معاملہ سست روی کا شکار ہو گیا تھا۔