03 مارچ ، 2022
اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں روسی حملے کے خلاف قرار داد پر پاکستان کی خاموشی پر امریکا میں آوازیں اُٹھ گئيں۔
امریکی سینیٹ کمیٹی کی خارجہ تعلقات کمیٹی میں دوران اجلاس اراکین امریکی نائب وزير خارجہ برائے جنوبی ایشیاڈونلڈ لو پر برس پڑے ، اراکین نے پوچھا کہ کیا پاکستان سے رابطہ کیا گیا؟ کیا آپ میں سے کسی نے بھی فون اٹھا کر پاکستان سے رابطے کی کوشش کی ؟ اس پر امریکی نائب وزیر نے جواب دیا کہ نہیں۔
امریکی نائب وزير خارجہ برائے جنوبی ایشیا کا کہنا تھا کہ ہم نے پاکستانی حکام کو راغب کرنے کی کوشش کی، یہ مایوس کن ہےکہ کتنے ملک اس پر خاموش ہیں۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ابھی یہ دیکھنا ہوگا کہ عمران خان کے دورہ روس کو اس بحث میں کس طرح شامل کرسکتے ہیں۔
خیال رہےکہ گذشتہ روز اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے خصوصی اجلاس میں یوکرین پر روسی حملے کے خلاف قرارداد منظور کی گئی تھی، قرارداد میں یوکرین کے خلاف روسی جارحیت کی مذمت کی گئی۔
جنرل اسمبلی کے 193 ارکان میں سے 141 نے روس کےخلاف قراردادکی حمایت کی جب کہ روس، بیلاروس، شام اور شمالی کوریا سمیت 5 رکن ممالک نے قرارداد کی مخالفت کی۔
پاکستان، بھارت اور ایران سمیت 35 ممالک نے ووٹ نہیں دیا۔