04 مارچ ، 2022
خانیوال میں پاکستان پیپلزپارٹی کے عوامی مارچ میں کنٹینر پر کھڑی آصفہ بھٹو زرداری سے کیمرے والا ڈرون ٹکرا گیا۔
خانیوال میں پیپلز پارٹی کے عوامی مارچ کے کنٹینر پر کھڑی آصفہ بھٹو زرداری نجی ٹی وی کے ڈرون کیمرے لگنے سے زخمی ہوگئیں۔
آصفہ نے پیچھے ہٹ کر خود کو ڈرون سے بچانے کی کوشش بھی کی لیکن ڈرون کیمرا آصفہ سے ٹکرا کر ان کے پیچھے گرا جسے وہاں کھڑے شخص نے نیچے پھینک دیا، بلاول بھٹو نے اپنی اجرک اتار کر بہن کے زخم پر رکھی اورگاڑی تک پہنچایا۔
بلاول بھٹو کی سکیورٹی نے ڈرون آپریٹر کو پکڑ ا اور آصفہ بھٹو کو معائنے کیلئے اسپتال منتقل کیا۔
اسپتال ذرائع کے مطابق آصفہ کے ماتھے پر 3 سے 4 سینٹی میٹر کا زخم تھا اور ماتھے پر 5 ٹانکے لگے۔
طبی امداد کے بعد آصفہ ساہیوال روانہ ہوگئیں۔
دوسری جانب بلاول بھٹو کی سکیورٹی ٹیم ڈرون آپریٹر اور انجینیئر کو اپنے ساتھ لے گئی جبکہ پولیس نے ٹی وی چینل کی ڈی ایس این جی وین کو تحویل میں لے لیا۔
واقعے کے بعد خطاب میں بلاول کا کہنا تھاکہ آصفہ آگے بھی ہمارے ساتھ ہوگی، پتا نہیں جان بوجھ کر یا غلطی سے کسی چینل کا ڈرون آصفہ کو لگا۔