Time 04 مارچ ، 2022
پاکستان

روس یوکرین تنازع، پاکستان کا یورپی سفیروں کے پریس ریلیز جاری کرنے پر تحفظات کا اظہار

پاکستان نے روس اور یوکرین تنازع پر ملک میں تعینات یورپی سفیروں کی جانب سے پریس ریلیزجاری کرنے پرتحفظات کا اظہار کیا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق غیرملکی سفیروں کی طرف سے بیان بازی سفارتی روایت نہیں ہے اور ہم نے حالیہ یورپی سفیروں کی طرف سے پریس ریلیزجاری کرنے پرتحفظات کا اظہار کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ غیرملکی سفیروں کی طرف سے پریس ریلیز جاری کرنا قابل قبول نہیں، دفترخارجہ اور خارجہ سیکرٹری نے معاملہ یورپی سفارتخانوں کے ساتھ اٹھایا ہے اور یورپی سفارتخانوں نے تسلیم کیا کہ ایسی پریس ریلیزانہیں جاری نہیں کرنی چاہیے تھی۔

خیال رہے کہ برطانیہ، جاپان، ناروے، آسٹریلیا، ترکی اور کینیڈا سمیت مختلف ممالک کے سفرا اورہائی کمشنرز کی جانب سے پاکستان کو یوکرین پر روسی حملے کی مذمت کرنے اور عالمی قوانین کی حمایت کرنے پر اصرارکیا گیا تھا۔

واضح رہے کہ روس نے 24 فروری کو یوکرین پر حملہ کیا تھا جس کے بعد سے دارالحکومت کیف سمیت کئی شہر روسی افواج کے محاصرے میں ہیں۔

پاکستان نے اس معاملے پر  آزاد خارجہ پالیسی پر عمل پیرا رہنے کا فیصلہ کیا اور روس یوکرین کشیدگی کو بات چیت سے حل کرنے پر زور دیا۔ 

وہیں دوسر ی جانب پاکستان نے یوکرین پر روسی حملے کے معاملے پر ہونے والے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی اجلاس میں ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا تھا۔

مزید خبریں :