06 مارچ ، 2022
دو روز قبل تھائی لینڈ میں اپنے وِلا میں مردہ حالت میں پائے جانے والے لیجنڈری آسٹریلوی لیگ اسپنر شین وارن کی موت کے حوالے سے تحقیقات جاری ہیں۔
آسٹریلوی میڈیا کےمطابق تھائی پولیس حکام نے بتایا ہےکہ آنجہانی شین وارن کے کمرے کے فرش اور ان کے تولیے سے خون کے دھبے ملے ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ موت سے قبل شین وارن کو سینے میں درد اٹھا تھا جس سے اس بات کا امکان ہے کہ ان کی موت دل کے دورے کے باعث ہوئی ہے۔
پولیس کے مطابق میڈیکل ٹیم نے ابتدائی طبی امداد کے طور پر جب شین وارن کے سینےکو دبایا تو انہیں کھانسی ہوئی تو ان کے منہ سے تھوک اور خون نکلا۔
گذشتہ روز تھائی پولیس نے بتایا تھا کہ شین وارن کے خاندان کے افراد سے پتا چلا ہےکہ لیگ اسپنرکو دمے سمیت دل کا عارضہ لاحق تھا اور انہوں نےکچھ عرصہ قبل ہی دل کے ڈاکٹرکو دکھایا تھا۔
شین وارن کے میڈیکل ریکارڈ کو دیکھتے ہوئے تھائی پولیس نے 52 سالہ لیگ اسپنر کی موت میں کسی کے ملوث ہونےکے امکان کو رد کیا ہے تاہم معاملےکو بالکل 'کلیئر' نہیں کیا۔
پولیس کا کہنا ہے معاملے کی مکمل تحقیقات کی جائیں گی تاہم موت کی اصل وجہ جاننے کے لیے پوسٹ مارٹم ضروری ہے۔
خیال رہےکہ 2 روز قبل شین وارن تھائی لینڈ کے علاقےکو ساموی میں اپنے وِلا میں مردہ حالت میں پائےگئے تھے، ان کے ترجمان کا کہناتھا کہ شین وارن کا انتقال حرکت قلب بند ہونے کی وجہ سے ہوا، میڈیکل ٹیم نے انہیں بچانے کی پوری کوشش کی لیکن وہ جانبر نہ ہوسکے۔