06 مارچ ، 2022
بھارت میں ایک ہوٹل نے روس کے حملے کے بعد یوکرینی عوام سے مختلف انداز میں اظہار یکجہتی کیا ہے۔
روس کو یوکرین میں جنگ شروع کرنے کے بعد سے دنیا کے مختلف ممالک کی جانب سے پابندیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے تاہم اس دوران بھارتی ریاست کیرالا میں ایک ہوٹل نے یوکرینی عوام سے یکجہتی کے لیے اپنے مینیو سے رشین سلاد کو ہٹادیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق 'کاشی آرٹ کیفے اینڈ گیلری ' ہوٹل انتظامیہ کی جانب سے ایک بورڈ آویزاں کیا گیا ہے کہ جس پر لکھا ہوا کہ' ہم نے یوکرین کے لوگوں کے ساتھ یکجہتی کے لیے اپنے مینیو سے 'رشین سلاد' کو ہٹا دیا ہے'۔
بھارتی میڈیا سے بات کرتے ہوئے ہوٹل کے مالک نے کہاکہ 'ہم نے یہ اقدام انسانیت کو پروان چڑھانے کیلئے کیا جبکہ ہم روس کے یوکرین میں معصوم لوگوں پر کیے جانے والے حملوں کی شدید مذمت کرتے ہیں'۔
دوسری جانب سوشل میڈیا پر ہوٹل انتظامیہ کے اس اقدام کی تعریف کی گئی جبکہ کچھ صارفین نے کہا کہ اس طرح کی پابندی لگانا کوئی حل نہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق کچھ صارفین کی تنقید پر ردعمل دیتے ہوئے انتظامیہ نے زور دیا کہ ہم روسی عوام کے خلاف نہیں اور نہ ہی ہم ان سے نفرت کرتے ہیں لیکن ہم اس پالیسی کے خلاف ہیں جس کی وجہ سے بہت سے لوگوں کی موت ہوئی ہے۔
واضح رہے کہ روس نے 24 فروری کو یوکرین پر حملہ کیا تھا جس میں روسی افواج نے زیادہ تر دارالحکومت کیف اور خارکیف شہر کو نشانہ بنایا۔