07 مارچ ، 2022
یوکرین نے روس کی جانب سے شہریوں کے انخلا کیلئے محفوظ راہداریوں کی پیشکش کو غیراخلاقی اور ناقابل قبول قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق یوکرین کی نائب وزیراعظم ارینا ویریشچک کا کہنا ہے کہ شہریوں کے انخلا کے لیے روس کا پیش کردہ راستہ قابل قبول نہیں ہے، ایسا نہیں ہوگا کہ شہری بیلاروس جائیں اور پھر بذریعہ ہوائی جہاز روس منتقل کر دیے جائیں۔
رپورٹس کے مطابق پیشکش کو مسترد کرنے کی وجہ یہ تھی کہ انخلا کیلئے فراہم کی گئیں راہداریوں میں سے صرف دو شہروں ( سمی اورماریوپول) کے راستے یوکرین کے دیگر حصوں تک جاتے تھے جبکہ باقی تمام راستے براہ راست روس یا بیلاروس جاتے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق یوکرینی نائب وزیراعظم نے امریکا، برطانیہ اور فرانس سے راہداریوں کے قیام میں مدد کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں کو یوکرین کی سرزمین پر جانے کا مکمل حق ہونا چاہیے۔
واضح رہے کہ روس نےآج صبح یوکرین کے چار شہروں خارکیف، کیف، ماریوپول اور سمی میں انخلا کیلئے راہداریاں کھولنے کا اعلان کیا تھا۔
خیال رہے کہ روس کے دیے گئےانخلا کے راستوں سے یوکرینی شہری صرف بیلاروس اور روس تک جا سکتے ہیں۔