16 فروری ، 2012
اسلام آباد … جناح انسٹی ٹیوٹ نے پاکستان میں رونما ہونے والے انتہا پسندی کے واقعات پر ایک رپورٹ جاری کی ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ ستمبر 2010ء سے ستمبر 2011ء کے درمیان انتہا پسندی کے 181 واقعات میں 534 افراد جاں بحق جبکہ 1391 افراد زخمی ہوئے۔ جناح انسٹی ٹیوٹ سے جاری کردہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان میں دہشت گردی اور مذہبی انتہا پسندی کے بڑھتے ہوئے واقعات سنجیدہ طبقوں کے لئے خوفناک ہیں اور معاشرے کو ملی بیداری کا ثبوت دیتے ہو ئے انتہا پسند عناصر کی حوصلہ شکنی کر نی چاہئے۔ رپورٹ کے اجراء کے موقع پر اعجاز حیدر، فہد حسین، معید پیر زادہ اور طاہرہ عبداللہ نے خطاب کیا۔ طاہرہ عبداللہ نے کہا کہ ملک اقلیتوں کے حقوق پامال کئے جارہے ہیں اور انہیں ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔ رپورٹ کے مطابق ملک میں تعلیمی اداروں پر حملوں کے 62 واقعات بھی حکومتی اداروں کے لئے سوچنے کی گھڑی ہے۔