09 مارچ ، 2022
دوحہ میں جاری انٹرنیشنل بلیئرڈز اینڈ اسنوکر فیڈریشن (آئی بی ایس ایف) ورلڈ اسنوکر چیمپئن شپ میں پاکستان کے محمد آصف نے بھارت کے پنکج ایڈوانی کو ناک آوٹ کرکے کوارٹر فائنل میں جگہ بنالی۔
پاکستان کے دیگر دو کیوئسٹس محمد سجاد اور احسن رمضان نے بھی پری کوارٹر فائنل میں کامیابی حاصل کرلی، یوں پاکستان کے تینوں پلیئرز ٹاپ 8 میں پہنچ گئے۔
آئی بی ایس ایف ورلڈ اسنوکر چیمپئن شپ دوحہ میں جاری ہے، ایونٹ کے پری کوارٹر فائنل میں پاکستان کے محمد آصف کا مقابلہ بھارت کے پنکج ایڈوانی سے تھا، جس میں آصف نے 2-4 سے کامیابی حاصل کی ۔
پاکستانی کیوئسٹ نے ابتدائی دو فریمز میں بالترتیب 50 اور 57 کے بریکس کھیلتے ہوئے 0-2 کی برتری حاصل کی تاہم تیسرے فریم میں پنکج ایڈوانی نے اپنا خسارے کم کیا اور چوتھے فریم میں بھارتی کیوئسٹ نے 94 کی بریک کھیل کر مقابلہ برابر کردیا۔
تاہم پانچویں فریم میں آصف نے ایک بار پھر برتری حاصل کرلی۔چھٹے فریم میں پنکج ایڈوانی نے کلر بالز کلیئر کرنے کی کوشش میں براون بال مس کردی جس کے بعد محمد آصف نے فریم کلیئر کردیا کوارٹر فائنل میں جگہ پکی کرلی۔
پاکستان کے ایک اور کیوئیسٹ محمد سجاد نے پری کوارٹر فائنل میں ہانگ کانگ کے چیونگ کا وائی کو 3-4 سے زیر کیا ۔
میچ میں ایک موقع پر ہانگ کانگ کے پلیئر کو 1-3 کی برتری حاصل تھی مگر محمد سجاد نے پانچویں، چھٹے اور ساتویں فریم میں حریف پلیئر کو ایک بال بھی پاکٹ نہیں کرنے دی اور کامیابی سمیٹی۔
اس کے علاوہ ایک اور میچ میں پاکستان کے احسن رمضان نے امریکا کے ریناٹ دینکھا کو 2-4 سے شکست دی اور کوارٹر فائنل میں جگہ بنائی۔
کوارٹر فائنل میں محمد سجاد سری لنکا کے محمد طحہ ارشاد سے مقابلہ کریں گے، محمد آصف کا مقابلہ بحرین کے حبیب صباح سے ہوگا۔
اس کے علاوہ احسن کوارٹر فائنل میں مصر کے عبدالرحمان کے مدمقابل ہوں گے۔