10 مارچ ، 2022
وفاقی حکومت نے وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد تکنیکی بنیاد پر ناکام بنانے کے لکے حکمت عملی تیار کر لی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ تحریک عدم اعتماد ناکام بنانے کے لیے قانونی ماہرین نے وزیراعظم کو مختلف تجاویز دی ہیں، جس میں پارٹی پالیسی کی خلاف ورزی کرنے والے اراکین سے متعلق اسپیکر کو خط لکھنے کی تجویز بھی شامل ہے۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ ایسے اراکین کی مبینہ فہرست پہلے ہی عمران خان کے پاس موجود ہے، وزیراعظم کو تجویز دی گئی ہے کہ اسپیکر سے درخواست کریں کہ ان اراکین کو حکومتی پالیسی کی خلاف ورزی پر ووٹ نہ ڈالنے دیں۔
ذرائع کے مطابق یہ تجویز بھی دی گئی ہے کہ اگر یہ اراکین ووٹ ڈالیں تو ان کے ووٹ کو گنتی میں شمار نہ کیا جائے، اسپیکر ایسے اراکین سے متعلق ایوان میں ووٹنگ کے دوران یا گنتی کے دوران آگاہ بھی کریں۔
ذرائع کا کہنا ہے اسپیکر کو خط میں ایسے اراکین کے خلاف نااہلی ریفرنس الیکشن کمیشن بھیجنے کا بھی کہا جائے گا۔
اس کے علاوہ یہ تجویز بھی دی گئی ہے کہ وزیراعظم کے خط کو بنیاد بناکر اسپیکر قومی اسمبلی اپوزیشن کی تحریک عدم اعتماد ناکام قرار دینے کی رولنگ دیں۔