10 مارچ ، 2022
بھارت میں آئے روز لڑکے والوں کی جانب سے زیادہ جہیز کے مطالبے پر شادیاں ختم ہونے کے واقعات عام ہوتے جارہے ہیں۔
ایسا ہی واقعہ اب بھارتی شہر بہار کے علاقے چپل پور میں پیش آیا جس میں دلہن کے ہمراہ دلہا کو شادی ہونے سے پہلے جہیز کا مطالبہ کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔
سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی ویڈیو میں دلہا کا کہنا تھا کہ جہیز مانگنا کسی طور غلط نہیں ہے۔
ویڈیو میں دلہا سے بات کرنے والا شخص بھی اس کو شادی کے لیے منارہا ہے، لڑکی کے والدین کا بتانا ہےکہ کافی جہیز دے چکے ہیں جو رہ گیا وہ بعد میں دے دیا جائیگا لیکن دلہا شادی کے لیےکسی طور راضی نہیں ہوتا۔
لڑکے کا کہنا تھا کہ بعد کی کہانی نہیں جو جہیز ہوگا ابھی دیاجائے گا، مطالبات پورے ہونے پر ہی شادی ہوگی اور اگر مطالبات پورے نہ کیے گئے تو بارات واپس لے جائیں گے۔
لڑکے نے بتایا کہ بارات لانے سے قبل لڑکی کے گھر والوں سے بات ہوئی تھی اور انہوں نے کہا تھا کہ سارا جہیز تیار ہے لیکن آنے کے بعد پتا چلا یہاں تو ایسا کچھ بھی نہیں، اگر جہیز نہیں تھا تو لڑکی والوں کو چاہیے تھا کہ اپنے معیار کے لوگوں میں شادی کریں، شادی کے لیے سرکاری نوکری والا لڑکا کیوں تلاش کیا۔
ویڈیو میں دلہن نے بھی دلہا سے گزارش کی کہ والدین نے سارا جہیز دیا ہے صرف ایک لاکھ باقی ہیں وہ بھی دے دیا جائے گاجس پر دلہا نے بتایا کہ سونے کی چین اور انگوٹھی بھی باقی ہے، ہمیں بعد میں نہیں جہیز شادی سے پہلے ہی دیا جائے گا۔
بعد ازاں ویڈیو بنانے والے شخص کے مجبور کرنے پر دلہا اپنے والد سے جہیز میں کمی کے باوجود بات کرنے پر راضی ہوگیا۔