Time 10 مارچ ، 2022
پاکستان

’انصار الاسلام‘ کی پارلیمنٹ لاجز آمد کے معاملے پر شیخ رشید کا رد عمل سامنے آگیا

اپوزیشن کے ارکان اسمبلی کی سکیورٹی کیلئے جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کے محافظ دستے ’انصار الاسلام‘ کی پارلیمنٹ لاجز میں آمد کے معاملے پر وزیر داخلہ شیخ رشید کا رد عمل سامنے آگیا۔

شیخ رشید کا کہنا ہے کہ پارلیمنٹ لاجز  ارکان قومی اسمبلی کیلئے ہیں، یہ ایم این ایز کے شیلٹر میں آئے ہیں حالات خراب کررہے ہیں۔

شیخ رشید نے مزید کہا کہ عدم اعتماد میں ان کے پاس لوگ نہیں ہیں اوچھے ہتھکنڈے استعمال کررہے ہیں، سویلین فورس کو اجازت نہیں دی جاسکتی، پارلیمنٹ لاجرز ممبران کیلئے ہیں، انہیں پارلیمنٹ لاجز میں رہنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔

شیخ رشید نے یہ بھی کہا کہ انصار الاسلام کے رضاکار  پولیس کی غفلت سے پارلیمنٹ لاجز آئے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اپوزیشن رہنماؤں نے اپنے ارکان کے لاپتہ کیے جانے اور سکیورٹی پر خدشات ظاہر کیے تھے جس کے بعد مولانا فضل الرحمان کی سربراہی میں اپوزیشن جماعتوں نے فیصلہ کیا تھا کہ انصار الاسلام کے کارکن اپوزیشن کے تمام ارکان کو سکیورٹی فراہم کریں گے۔

مزید خبریں :