Time 12 مارچ ، 2022
پاکستان

(ق) لیگی رہنماؤں کا پارٹی کو جلد فیصلے کا مشورہ، چوہدری شجاعت بھی حکومت سے نالاں

لاہور: (ق) لیگ کے رہنماؤں نے پارٹی قیادت کو موجودہ صورتحال میں جلد فیصلہ کرنے کا مشورہ دیدیا۔

ذرائع کے مطابق اسپیکر پنجاب اسمبلی پرویز الٰہی کی سربراہی میں مسلم لیگ (ق) کا مشاورتی اجلاس ہوا جس میں پارٹی کے سینئر رہنماؤں  نے شرکت کی جب کہ اجلاس میں پنجاب کی موجودہ صورتحال اور ترین گروپ کی سرگرمیوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔

ذرائع کے مطابق اجلاس کے شرکا نے مؤقف اپنایا کہ وفاقی حکومت کی کارکردگی سےکوئی بھی اتحادی خوش نہیں لہٰذا (ق) لیگ کو جلد اپنا سیاسی فیصلہ کرنا ہوگا۔

ذرائع کے مطابق اجلاس کے شرکا نے رائے دی کہ یہ نہ ہو کہ دیر ہو جائے، ادھر کے رہیں نہ ادھر کے۔

ذرائع نے بتایا کہ چوہدری شجاعت بھی مرکزی حکومت کی کارکردگی سے نالاں ہیں اور انہوں نے مؤقف اپنایا کہ ہمیں اپنے کارکنوں اور پارٹی کو مایوس نہیں کرنا۔

ذرائع کا کہنا ہےکہ پرویز الٰہی نے دیگر حکومتی اتحادیوں سے رابطوں پر اعتماد میں لیا جب کہ اجلاس میں دیگر حکومتی اتحادیوں کی مشاورت سے فیصلے کرنے پر اتفاق کیا گیا۔

اس موقع پر اسپیکر  پنجاب اسمبلی پرویز الٰہی کا کہنا تھا کہ ملکی مفاد اور اپنے سیاسی مستقبل کو دیکھتےہوئے مشاورت سے فیصلے کریں گے۔

ذرائع کے مطابق اجلاس کے شرکا نے پنجاب میں وعدے پورے نہ ہونے پر تشویش کا اظہار کیا۔

ذرائع کا کہنا ہےکہ حکومتی اتحادیوں کی جانب سے آئندہ دو سے تین روز میں مشترکہ پریس کانفرنس کا امکان ہے جس میں بڑا اعلان کیا جاسکتا  ہے۔


مزید خبریں :