پاکستان

قومی اسمبلی اجلاس کب بلایا جائے؟ وزیراعظم نے قریبی ساتھیوں کو طلب کر لیا

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے اپوزیشن کی تحریک عدم اعتماد پر مشاورت کے لیے پاکستان تحریک انصاف کی سینئر قیادت کو طلب کر لیا ہے۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے پرویز خٹک، علی زیدی، فواد چوہدری اور شفقت محمود کو مشاورت کے لیے بنی گالہ طلب کر لیا ہے۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ اجلاس میں قومی اسمبلی اجلاس بلانے کے حوالے سے مشاورت کی جائے گی اور وزیراعظم قومی اسمبلی اجلاس بلانے کی حتمی منظوری دیں گے۔

دوسری جانب حکومت کی اتحادی جماعت مسلم لیگ ق کی جانب سے بھی تحریک عدم اعتماد میں حکومت یا اپوزیشن کا ساتھ دینے کے حوالے سے حتمی فیصلہ آج کیے جانے کا امکان ہے۔

خیال رہے کہ متحدہ اپوزیشن نے چند روز قبل وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد جمع کروائی تھی جس کے بعد اب اسپیکر قومی اسمبلی کے پاس قومی اسمبلی کا اجلاس بلانے کے لیے آئینی طور پر 14 روز کا وقت موجود ہے۔

جب کہ کچھ روز قبل وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ قومی اسمبلی کا اجلاس جلد از جلد بلانا چاہیے تاکہ تحریک عدم اعتماد کا معاملہ جلد ختم ہو۔

مزید خبریں :