Time 13 مارچ ، 2022
پاکستان

ہم اپنا فیصلہ کرچکے، اپوزیشن اتحاد میں گئے تو وزارتوں سے استعفے دیں گے: پرویز الٰہی

پاکستان مسلم لیگ (ق) پنجاب کے صدر و اسپیکر پنجاب اسمبلی پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ اس پراتفاق ہوگیاہےکہ موجودہ اسمبلیاں مدت پوری کریں گی۔

صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو میں چوہدری پرویزالٰہی کا کہنا تھاکہ آئین اور قانون بڑا واضح ہے، اسپیکرقومی اسمبلی کواس پرعمل کرناچاہیے، ہم اپنا فیصلہ کرچکے، اس پرساتھیوں سےحتمی مشاورت کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ق،ایم کیوایم اوربلوچستان عوامی پارٹی مل کرچل رہے ہیں۔

پرویز الٰہی کا کہنا تھاکہ اپوزیشن اتحاد میں گئے تو وزارتوں سے استعفے دیں گے، آج جہانگیر ترین گروپ کے عون چوہدری ملاقات کیلئے آئے تھے اور اگلے دو دن میں وہ بھی ہمیں اپنی حمایت کا بتائیں گے۔

ان کا کہنا تھاکہ شہباز شریف کے ساتھ ملاقات کسی بھی وقت ہوسکتی ہے، وزیراعظم عمران خان کو اپنی کوششیں جاری رکھنا چاہیئیں۔

قبل ازیں حکومت کی اتحادی جماعت پاکستان مسلم لیگ قائد اعظم (ق) کا تحریک عدم اعتماد کے معاملے پر مشاورتی اجلاس ہواجس میں اب تک کے اپوزیشن اور حکومت کے ساتھ روابط پر اعتماد میں لیا گیا اور اتحادی جماعتوں سے مشاورت پر بھی بریفنگ دی گئی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ ق نے کل بھی مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔

مزید خبریں :