13 مارچ ، 2022
مسلم لیگ ن کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے وزیراعظم عمران خان کے خطاب کو اعتراف شکست قرار دے دیا۔
ایک بیان میں شہباز شریف کا کہنا تھا کہ عمران صاحب آپ واقعی آلو، ٹماٹرکی قیمت ٹھیک کرنےنہیں آئے تھے، آپ ملک اور عوام کاکباڑہ کرنے آئے تھے، یہ کام پوراکرلیا، اب گھر جائیں۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ عمران صاحب آپ تو سقوط کشمیرکے لیے اور سی پیک کو روکنے آئے تھے، آپ کرپشن میں پاکستان کے24 درجے بڑھانے آئے تھے، یہ تباہی آپ نےکر دی، آپ پاکستان کےدوستوں کو ناراض کرنے آئے تھے، وہ ایجنڈا آپ نے پورا کردیا، آپ پاکستان کی معاشی خودمختاری آئی ایم ایف کےحوالےکرنے آئے تھے۔
صدر مسلم لیگ ن کا کہنا تھا کہ آپ اپنابنی گالہ کاغیرقانونی محل اور حرام دولت حلال کرنے کی اسکیمیں دینے آئے تھے، آپ پیٹرول کی قیمت 96 روپے سے 160 روپےکرنے آئے تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ آپ دنیا میں پاکستان کو تیسرا مہنگا ترین ملک بنا چکے ہیں، مہنگائی، بے روزگاری، معاشی تباہی کی قیامت برپا کر چکے ہیں، اخلاقیات کا جنازہ نکالنے آئے تھے، وہ بھی آپ کر چکے ہیں۔