عدم اعتماد: چیئرمین سینیٹ اور اسپیکر قومی اسمبلی کی ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آگئی

وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کا معاملے پر چیئرمین سینیٹ اور اسپیکر قومی اسمبلی کے درمیان ہونے والی ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آ گئی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے عدم اعتماد کی تحریک کو ووٹنگ سے قبل ناکام بنانے کے لیے چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی سے مشاورت کی۔

ذرائع کے مطابق اسپیکر اسد قیصر تحریک عدم اعتماد کو رولنگ کے ذریعے ناکام بنانا چاہتے ہیں، اسد قیصر چیئرمین سینیٹ کی 23 جولائی 2019 کی رولنگ اسمبلی میں استعمال کرنے کے خواہاں ہیں۔

یاد رہے کہ صادق سنجرانی نے بطور چیئرمین سینیٹ 3 سال پہلے رولنگ دی تھی، رولنگ کے مطابق چیئرمین یا ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کو ہٹانے کے لیے ریکوزیشن اجلاس نہیں بلایا جا سکتا۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ اسپیکر قومی اسمبلی اُسی رولنگ کو بنیاد بناکر عدم اعتماد کی تحریک مسترد کرنے کے لیے مشاورت کر رہے ہیں تاہم چیئرمین سینیٹ نے اسپیکر کو اس متعلق کوئی مشورہ نہیں دیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ مشورہ نہ دینے کی وجہ سینیٹ اور اسمبلی قواعد کا بعض امور پر مختلف ہونا ہے، کسی بھی اسپیکر نے ماضی میں اس متعلق کوئی رولنگ نہیں دی۔

ذرائع کے مطابق قومی اسمبلی سیکرٹریٹ بھی سینیٹ رولنگ کی بنیاد پر تحریک کو ووٹنگ سے قبل مسترد کرنے کے حق میں نہیں ہے اور سیکرٹریٹ نے اس حوالے سے اپنی رائے بھی اسپیکر قومی اسمبلی کو بتا دی ہے۔

مزید خبریں :