'سرکٹ' سنجے دت کی وجہ سے بنا ورنہ یہ کردار بیوقوفوں والا تھا: ارشد وارثی

بطور معاون اداکار میرے لیے یہ انتہائی اہم ہے کہ فلم کا مرکزی کردار کون نبھا رہا ہے: بھارتی میڈیا کو انٹرویو/ فائل فوٹو
بطور معاون اداکار میرے لیے یہ انتہائی اہم ہے کہ فلم کا مرکزی کردار کون نبھا رہا ہے: بھارتی میڈیا کو انٹرویو/ فائل فوٹو

بالی وڈ میں اپنے کردار 'سرکٹ' سے پہچان بنانے والے اداکار ارشد وارثی نے حال ہی میں اس کردار سے متعلق چند انکشافات کیے ہیں۔

ارشد وارثی ان دنوں اپنی نئی فلم 'بچن پانڈے' کی تشہیر میں مصروف ہیں، اسی سلسلے میں حال ہی میں انہوں نے بھارتی میڈیا کو انٹرویو دیا جس میں انہوں نے بچن پانڈے سمیت اپنی ماضی کی فلموں پر بات چیت کی۔

اداکار نے کہا کہ بطور معاون اداکار میرے لیے یہ انتہائی اہم ہے کہ فلم کا مرکزی کردار کون نبھا رہا ہے، یہ ہی وجہ ہے کہ 2003 کی فلم 'منا بھائی ایم بی بی ایس' میں ، میں اداکاری کے لیے راضی ہوا۔

ارشد وارثی نے اعتراف کیا کہ میں سرکٹ کے کردار کے لیے اسی لیے راضی ہوا کیونکہ فلم کے ہیرو سنجے دت تھے، ورنہ یہ کردار بیوقوفوں والا تھا۔ 

انہوں نے مزید کہا کہ اس بات کا علم راج کمار ہیرانی کو خود بھی تھا کہ سرکٹ کا کردار صرف کاغذ کے پرچے تک ہی اچھا لگ سکتا ہے لیکن خوش قسمتی سے اسے کافی پذیرائی ملی۔

فلم بچن پانڈے میں اکشے کمار کے ساتھ کام کرنے کے تجربہ کو ارشد نے یادگار قرار دیا اور کہا کہ میں انہیں بطور انسان کافی پسند کرتا ہوں، وہ اپنے کام کے لیے انتہائی سنجیدہ ہیں، جب آپ ان سے ذاتی طور پر ملتے ہیں تب پتا چلتا ہے کہ اکشے کیسے انسان ہیں۔

ارشد وارثی کا کہنا تھا کہ اکشے کے اچھے انسان ہونے اور محنت کی وجہ سے ہر کوئی انہیں اب بھی اپنی فلموں میں کاسٹ کرنا چاہتا ہے۔

واضح رہے کہ فلم بچن پانڈے 18 مارچ کو ریلیز کی جائے گی جس میں اداکار اکشے کمار، ارشد وارثی، جیکولین فرنینڈس اور کریتی سینن نظر آئیں گی۔

مزید خبریں :