Time 17 مارچ ، 2022
دنیا

امریکا نے یوکرین کیلئے مزید 80 کروڑ ڈالرز کی فوجی امداد کا اعلان کردیا

امریکی صدر جو بائیڈن نے یوکرین کو مزید 80 کروڑ ڈالرز کی فوجی امداد دینے کا اعلان کردیا۔ —فوٹو: رائٹرز
امریکی صدر جو بائیڈن نے یوکرین کو مزید 80 کروڑ ڈالرز کی فوجی امداد دینے کا اعلان کردیا۔ —فوٹو: رائٹرز

امریکی صدر جو بائیڈن نے  یوکرین کو مزید 80 کروڑ ڈالرز کی فوجی امداد دینے کا اعلان کردیا۔

برطانوی خبر رساں ایجنسی رائٹرز کے مطابق امریکی صدر جو بائیڈن نے بدھ کے روز یوکرینی صدر کی امریکی کانگریس سے خطاب کے بعد یوکرین کیلئے مزید 80 کروڑ ڈالرز کی فوجی امداد کا اعلان کیا۔

وائٹ ہاؤس میں بات کرتے ہوئے بائیڈن نے کہا کہ نئے امدادی پیکج سے یوکرین کو ملنے والی فوجی امداد کی مقدار میں زبردست اضافہ ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ فوجی امداد میں 8سو اینٹی ائیر کرافٹ سسٹم، 9ہزار اینٹی آرمر سسٹم، 7ہزارچھوٹے ہتھیار جیسے شاٹ گنز اور گرینیڈ لانچرز کے ساتھ ساتھ ڈرونز  اور دیگر فوجی سازوسامان بھی شامل ہے۔

اس کے علاوہ صدر جو بائیڈن نے روسی صدرپیوٹن کوجنگی مجرم قراردیا۔

 امریکی صدر نے مزید کہا کہ یہ ایک طویل اور مشکل جنگ ہو سکتی ہے لیکن امریکی عوام کی پیوٹن کے شہری آبادیوں پرغیر اخلاقی حملوں کے مقابلے میں یوکرین کے لوگوں کیلئے حمایت جاری رہے گی۔

واضح رہے کہ اس سے قبل بدھ کے روز یوکرین کے صدر ولودومیر زیلینسکی نے  امریکی کانگریس سے ورچوئل خطاب میں امریکا اور اتحادیوں سے یوکرین کی فضائی حدود کو نو فلائی زون بنانے، یوکرین کی عسکری امداد اور روس پر پابندیاں بڑھانے کا بھی مطالبہ کیا تھا۔

مزید خبریں :