17 مارچ ، 2022
وفاقی حکومت نے تحریک عدم اعتماد سے قبل سندھ ہاؤس اسلام آباد میں بڑا ایکشن کرنے کی تیاری کر لی ہے۔
وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا بیان سامنے آیا ہے جس میں ان کا کہنا ہے کہ سندھ ہاؤس بہت سا پیسہ منتقل کرنے کی اطلاعات ہیں اور سندھ ہاؤس میں لوگوں کو رکھنے کے لیے پولیس منگوائی گئی ہے۔
فواد چوہدری نے مزید کہا کہ اس وقت ہارس ٹریڈنگ کا مرکز سندھ ہاؤس ہے، ہم اس پر ایک بڑا ایکشن پلان کر رہے ہیں۔
صحافی کی جانب سے پوچھا گیا کہ کیا آپ سندھ ہاؤس پر ریڈ کرنے جا رہے ہیں جس پر فواد چوہدری نے جواب دیا کہ ریڈ کا نہیں پتا مگر سخت ایکشن ہو گا۔
12 بندے ڈھونڈنے سے متعلق سوال پر فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ 12 بندوں کا ہمیں پتا ہے، ڈھونڈنا کیا ہوتا ہے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل وزیراعظم عمران خان کی سربراہی میں ہونے والے سیاسی کمیٹی کے اجلاس میں بھی سندھ ہاؤس کا تذکرہ ہوا تھا۔
دوسری جانب وزیراعظم عمران خان نے سویلین حساس اداروں کو ارکان پارلیمنٹ اور سندھ ہاؤس کی سخت مانیٹرنگ کی ہدایت بھی کر دی ہے۔