17 مارچ ، 2022
اسلام آباد: موجودہ سیاسی صورتحال کے تناظر میں وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت حکومتی ترجمانوں کا اہم اجلاس ہوا۔
فواد چوہدری ، بابر اعوان، خسرو بختیار، شہزاد وسیم، حماداظہر، شبلی فراز، فرخ حبیب، عامر ڈوگر بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔
اجلاس میں موجودہ سیاسی صورتحال پر غور کیا گیا۔وفاقی وزیر فروغ نسیم بھی وزیراعظم ہاؤس میں موجود تھے۔ اجلاس میں تحریک انصاف کے منحرف ارکان سے متعلق قانونی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ذرائع کاکہنا ہے کہ اجلاس میں وزیر اعظم عمران خان نے منحرف اراکین اسمبلی کے خلاف الیکشن کمیشن سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے اسپیکر قومی اسمبلی اور قانونی ٹیم کو منحرف ارکان کیخلاف قانونی کارروائی کیلئے کہہ دیا۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ آئین میں واضح لکھا ہے پارٹی پالیسی کے خلاف جانے پر قانونی کارروائی کے تحت ڈی نوٹیفائی کیا جاسکتا ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ میں کسی کو نہیں چھوڑوں گا، آخری گیند تک لڑوں گا۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ اراکین کیلئے نوٹوں کی بوریاں کھول دی گئی ہیں، سندھ کا پیسہ اس کام پر لگایا جارہا ہے، تین خواتین ارکان مخصوص نشست پر آئیں، وہ ایسے کیسے کرسکتی ہیں، میں بلیک میل نہیں ہوں گا۔
وزیراعظم عمران خان نے مزید کہا کہ آپ تمام لوگ ریلیکس رہیں، ان کےساتھ جو کرنا ہوگا میں خودکروں گا، 28 تاریخ کو سب معلوم ہوجائے گا، عدم اعتماد کی تحریک ناکام ہوگی۔
خیال رہے کہ وفاقی حکومت سندھ ہاؤس اسلام آباد میں ایکشن کی منصوبہ بندی کر رہی ہے۔
وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا بیان سامنے آیا ہے جس میں ان کا کہنا ہے کہ سندھ ہاؤس بہت سا پیسہ منتقل کرنے کی اطلاعات ہیں اور سندھ ہاؤس میں لوگوں کو رکھنے کے لیے پولیس منگوائی گئی ہے۔
فواد چوہدری نے مزید کہا کہ اس وقت ہارس ٹریڈنگ کا مرکز سندھ ہاؤس ہے، ہم اس پر ایک بڑا ایکشن پلان کر رہے ہیں۔
دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی راجہ ریاض نے دعویٰ کیا ہے کہ ان سمیت 24 کے قریب پی ٹی آئی ارکان اسمبلی سندھ ہاؤس اسلام آباد میں موجود ہیں جبکہ اس کے علاوہ اور بھی بہت سے ارکان یہاں آنا چاہتے ہیں اور ضمیر کے مطابق ووٹ دینا چاہتے ہیں۔
سندھ ہاؤس میں موجود تحریک انصاف کے ارکان اسمبلی کے نام بھی سامنے آگئے ہیں۔ وزیراعظم عمران خان کو سندھ ہاؤس میں موجود ارکان قومی اسمبلی کی فہرست ایک قومی ادارے کی جانب سے پیش کردی گئی ہے۔