Geo News
Geo News

پاکستان

سندھ میں گورنر راج کے حوالے سے وفاقی وزارت داخلہ میں سمری کی تیاری شروع

آج میڈیا سے گفتگو میں شیخ رشید نے کہا تھا کہ انہوں نے وزیراعظم کو سندھ میں گورنر راج لگانے کی تجویز دے دی ہے اور حتمی فیصلہ وزیراعظم کریں گے— فوٹو: فائل
آج میڈیا سے گفتگو میں شیخ رشید نے کہا تھا کہ انہوں نے وزیراعظم کو سندھ میں گورنر راج لگانے کی تجویز دے دی ہے اور حتمی فیصلہ وزیراعظم کریں گے— فوٹو: فائل

سندھ میں گورنر راج کے حوالے سے وفاقی وزارت داخلہ میں سمری کی تیاری شروع کردی گئی۔

ذرائع کے مطابق وزارت داخلہ میں کل اہم اجلاس طلب کرلیا گیا ہے جس کی صدارت وزیر داخلہ شیخ رشید کریں گے۔

وزیراعظم عمران خان سے وزیر داخلہ شیخ رشید کل اہم ملاقات کریں گےجس کے بعد شیخ  رشید کی صدارت میں وزارت داخلہ میں اجلاس ہوگا۔

ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ اجلاس میں سندھ میں امن وامان کی صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا، سندھ میں امن و امان کی خراب صورتحال کے تناظر میں سمری تیار کی جائے گی۔

ذرائع کے مطابق وزارت داخلہ سندھ میں گورنر راج کی سمری وزیر اعظم کو بھجوا سکتی ہے۔

خیال رہے کہ آج میڈیا سے گفتگو میں شیخ رشید نے کہا تھا کہ انہوں نے وزیراعظم کو سندھ میں گورنر راج لگانے کی تجویز دے دی ہے اور حتمی فیصلہ وزیراعظم کریں گے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ سندھ ہاؤس اسلام آباد میں کوئی کارروائی نہیں کی جارہی، جو لوگ وہاں گئے ہیں وہ جانیں اور ان کے حلقے کے لوگ جانیں لیکن یہ بات واضح ہوگئی ہے کہ سندھ کے لوگوں کا پیسہ وہاں استعمال کیا جارہا ہے۔

شیخ رشید نے کہا کہ وہ عمران خان کو اپنی بات کہہ کر آچکے ہیں، انہوں نے مشورہ دیا ہے کہ سندھ میں گورنر راج لگا دیا جائے اب یہ وزیراعظم کا اختیار ہے کہ وہ کیا کرنا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سندھ ہاؤس ایکسپوز ہوگیا ہے ، قوم عمران خان کے ساتھ کھڑی ہے، سندھ ہاؤس میں جو خرید وفروخت ہوئی سندھ میں گورنر راج نافذ کرنا چاہیے۔