Time 17 مارچ ، 2022
پاکستان

استعفیٰ دو اور واپس جاؤ، تمہارے باپ کا ووٹ ہے؟ فواد چوہدری منحرف ارکان پر برس پڑے

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نےکہا ہےکہ سندھ ہاؤس میں موجود بے شرم ارکان کو کہنا چاہتا ہوں کہ انھوں نے عمران خان کے نام پر ووٹ لیا، اس لیے استعفیٰ دو  اور  واپس جاؤ،  تمہارے باپ کا ووٹ ہے؟

اسلام آباد میں دیگر وفاقی وزرا کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے  وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نےکہا کہ اگر کوئی رکن کسی مسئلے پر بات کرنا چاہتا ہے تو وہ حاضر ہیں مگر وزارتوں پر بات چیت نہیں کریں گے،  سندھ میں گورنر راج لگانے کا مشورہ شیخ رشید نے ایک اتحادی کی حیثیت سے دیا ہے۔

 فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ حکومت بچانےکے لیے بلیک میلنگ اور لوٹا سازی سے کام نہیں لیں گے، زرداری نواز کا ماڈل ہے، پیسے لگاؤ حکومت بناؤ اور پھر پیسے بناؤ،منحرف ارکان کے حلقوں میں ہمارے کارکنان مشتعل ہیں، ہم نے کارکنوں کو کہا ہے کہ مشتعل نہ ہوں، احتجاج حق ہے کریں۔

وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر کا کہنا  تھا کہ عمران خان کبھی کسی کو بلیک ملیل نہیں کرتے اور نہ پیسوں کی سیاست کرتے ہیں، وہ جو  بھی کریں گے آئین اور قانون کے دائرے میں رہتے ہوئےکریں گے۔

 اسد عمر کا کہنا تھا کہ عمران خان 26 سال سے سیاست کر رہے ہیں، وہ عوامی لیڈر ہیں، آج قوم  نے دیکھا کہ  عمران خان پھر سچے ثابت ہوئے، عمران خان ذات کے لیے نہیں قوم اور  ملک کے لیے سیاست کر رہے ہیں۔

 اسد عمر کا کہنا تھا کہ  عمران خان نظریے پر سیاست کرتے رہیں گے،  پی ٹی آئی آخری دم تک مقابلہ جاری رکھےگی،  آئینی اور قانونی دائرہ میں رہ کر سیاست اور اقدام کریں گے، ہمارے اقدامات جلد نظر  آئیں گے،  یہ آئین میں کہاں لکھا ہے کہ آپ لوگوں کو رکھنے کے لیے پولیس دارالحکومت لے آئیں ، اگر سب صوبے ایسے کریں تو آپ ملک کو خانہ جنگی کی طرف لے جائیں گے ، اب تک وفاقی حکومت نے جواب نہیں دیا، یہ انہوں نے بہت خطرناک حرکت کی ہے، سندھ میں گورنر راج لگانے سے متعلق حکومت میں اعلیٰ سطح پر کوئی بات نہیں ہوئی ۔

وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر نےکہا کہ ہم عوام کے لیے سیاست کر رہے ہیں، اقتدار کے لیے سودے بازی نہیں کریں گے، ہم ان کے سارےایم این ایز  خرید سکتے ہیں لیکن ہم اقتدار کے لیے سودے بازی نہیں کریں گے، امید ہے ہمارے اتحادی ملک اور قوم کے لیے بہتر فیصلہ کریں گے۔

حماد اظہر نےکہا کہ یہ وہ 'روکڑے' کی آواز ہے جس کے خلاف ہم آواز بلند کرتے رہے ہیں، ان کے عدم اعتماد کو ناکام بنائیں گے، اس مرحلے سے حکومت مزید مضبوط ہوکر نکلےگی۔

انہوں نے کہا کہ  کارکن 27 مارچ کے جلسے کی تیاری مکمل رکھیں،  ہم اپنے اقتدار  کے لیے سودے بازی نہیں کریں گے، حکومت کے پاس اربوں روپے ہیں،  آدھی اسمبلی خرید سکتے ہیں لیکن ایسا نہیں کریں گے۔

مزید خبریں :