Time 17 مارچ ، 2022
پاکستان

ویڈیو: شہباز گِل نے ٹاک شو کے دوران رمیش کمار کو گالی دے دی

وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ شہباز گِل نے نجی ٹی وی چینل پر بیٹھ کر  اپنی جماعت کے منحرف رکن قومی اسمبلی رمیش کمار کو گالی دے دی۔

ٹاک شو میں شہباز گل اور ان ہی کی پارٹی کے رکن قومی اسمبلی رمیش کمار کے درمیان بحث و مباحثہ جاری تھا۔

اس دوران شہباز گل کا کہنا تھا کہ رمیش کمار  مخصوص نشست پر پاکستان تحریک انصاف میں آئے تھے، اب یہ عمران خان خان سے استعفیٰ مانگ رہے ہیں، ان میں شرم و حیا ہوتی تو یہ پہلے خود ہی استعفیٰ دے دیتے۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ یہ کرپٹ آدمی ہیں کینسر کی جعلی دوا بیچنے پنجاب آئے تھے۔

شہباز گِل نے جب یہ بات کی تو رمیش کمار بیچ میں بات کرنے لگے اور اسی دوران مشتعل ہوکر شہباز گل نے رمیش کمار کے خلاف غیرپارلیمانی الفاظ استعمال کیے اور کئی مرتبہ گالی بھی دی۔

اپنے اوپر لگائے گئے الزام کو یکسر مسترد کرتے ہوئے رمیش کمار نے کہا کہ یہ لوگ تو الزام لگائیں گے ہی، بیڑہ غرق کرنے والے ہی یہ لوگ ہیں۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ وزیراعظم عمران خان اچھے تھے، اچھے ہیں، مگر نقصان غلط مشیران کی وجہ سے ہوا۔ 

خیال رہے کہ آج پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رکن قومی اسمبلی رمیش کمار نے دعویٰ کیا ہے کہ تین وفاقی وزرا پی ٹی آئی چھوڑ چکے ہیں۔

ایک انٹرویو میں رمیش کمار کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے33 لوگ مختلف پارٹیوں سے معاملات طےکرچکےہیں، ان 33 لوگوں میں پی ٹی آئی کے3 وزرا بھی شامل ہیں، سندھ ہاؤس میں آج پی ٹی آئی کے24 ارکان موجود تھے۔

رمیش کمار کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم ،ق لیگ اور باپ پارٹی اپنے طور پر فیصلہ کریں، اہم ایشو یہ ہے کہ یہ گالی گلوچ والا کلچر ہم نے کبھی نہیں دیکھا ، ہمیشہ نشاندہی کی کہ یہ چیز غلط ہے ،لیکن وزیراعظم نے نظر انداز کیا، ہمیشہ خوشامد کرنے والوں کی بات سنی گئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اس نہج پر آگیا ہےکہ تنہا اور معاشی طور پر پیچھے ہوگیا ہے، وزیراعظم ایوان کا اعتماد کھوچکے، بہتر ہوگا کہ وزیراعظم استعفیٰ دےدیں اور نیا وزیر اعظم او آئی سی اجلاس میں قیادت کرے۔

مزید خبریں :