18 مارچ ، 2022
پاکستان تحریک انصاف کے ناراض اراکین اسمبلی نے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے استعفے کے لیے حکومت کو الٹی میٹم دے دیا ہے۔
حکومت کی جانب سے اپنے ناراض اراکین اسمبلی کو منانے کی کوششیں جاری ہیں اور اس حوالے سے وزیراعلیٰ پنجاب سمیت پی ٹی آئی کی دیگر شخصیات ناراض اراکین سے ملاقات کر کے انہیں منانے کی کوششیں کر رہے ہیں۔
تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ ناراض اراکین نے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے استعفے کا الٹی میٹم دیتے ہوئے کہا کہ اگر پیر تک بزدار نے استفعیٰ نہ دیا تو مزید بات چیت نہیں ہو گی۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ حکومتی وفد آج وزیراعظم عمران خان کو بھی اس معاملے پر بریفنگ دے گا۔
خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے آج بنی گالہ میں سیاسی کمیٹی کو طلب کر رکھا ہے جس میں تحریک عدم اعتماد سمیت ناراض اراکین کے معاملے پر بھی بات چیت ہو گی۔