18 مارچ ، 2022
وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ شہباز گِل نے سندھ ہاؤس پر حملہ کرنے والے ارکان اسمبلی کو تھانے سے چھڑ والیا۔
شہباز گل اپنے ارکان اسمبلی کو تھانے سے نکال کر باہر لے آئے اور میڈیا سے بات کی۔
انہوں نے کہا کہ درست ہے کہ سندھ ہاؤس کے گیٹ کو نہیں توڑنا چاہیے تھا، سندھ ہاؤس میں نوٹوں کی بوریوں سے ضمیر خریدے جارہےہیں، عمران خان نے ایسا کیا کیا کہ ضمیرخریدے جارہےہیں، دلالی کی جارہی ہے۔
ان کا کہنا تھاکہ گرفتار ارکان قومی اسمبلی کو شخصی ضمانت پر رہا کرایا ہے جبکہ قانون پر مکمل عمل درآمدہوگا اور کارکنوں کو قانونی طریقے سے رہا کرایا جائے گا۔
شہباز گل کا کہنا تھاکہ توڑپھوڑ نہیں ہونی چاہیے، اگر ہمارے کارکنوں نے کی ہے تو تنبیہہ کی جائے گی، ہم حکومت میں ہیں اور ہم نے ہرصورت قانون پر عمل کرنا ہے۔
خیال رہے کہ پولیس نے پی ٹی آئی کارکنان اور ایم این ایز کو سندھ ہاؤس پر حملے کے الزام میں گرفتارکیا تھا۔