19 مارچ ، 2022
تحریک انصاف کے منحرف رکن قومی اسمبلی نور عالم خان سے اسلام آباد کے نجی ہوٹل میں دو افراد کی بدتمیزی کی مبینہ ویڈیو منظر عام پر آگئی۔
ویڈیو میں پی ٹی آئی کے 2 کارکن نور عالم خان کو گالیاں اوردھمکیاں دیتے نظر آرہے ہیں جس میں ایک شخص کہہ رہا ہے کہ ‘پشاورآئیں میں آپ کو دکھاؤں گا’ جبکہ منحرف رکن نے خفیہ ویڈیو بنانے کی نشاندہی کی اور کہا آپ بتائیں میں نے کیا کیا ہے؟
ذرائع کے مطابق ویڈیو میں نور عالم کو دھمکی دینے والے دونوں افراد کینیڈین شہری ہیں۔ جنہوں نے منصوبے کے تحت سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل کی۔
ذرائع کے مطابق ویڈیو میں دھمکی دینے والا ایک شخص سیالکوٹ اور ویڈیو بنانے والے شخص کا تعلق پشاور سے ہے جو پی ٹی آئی اوورسیز کینیڈا چیپٹر کا عہدیدارہے۔
یاد رہے کہ چند روز قبل تحریک انصاف کا اوورسیز کنونشن اسلام آباد میں ہوا تھا اور جس ہوٹل میں واقعہ پیش آیا وہاں اوورسیزپاکستانی کنونشن میں شرکت کیلئے قیام پذیرتھے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ نورعالم خان نے واقعے کے بعد ایف آئی اے سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور کہا کہ میرے گھر یا اہل خانہ کو نقصان پہنچانے والےسوچ لیں میں نے چوڑیاں نہیں پہنیں بدلہ لینا جانتا ہوں۔
نورعالم خان نے چیف جسٹس پاکستان اور اسلام آباد ہائی کورٹ سے واقعہ کا نوٹس لینے کی اپیل کی اور کہا کہ منتخب نمائندہ ہوں قانون ہاتھ میں نہیں لینا چاہتا۔
گزشتہ روز نور عالم خان نے ٹوئٹ کی تھی کہ انہیں سنگین نتائج کی دھمکیاں دی جارہی ہیں اور کہا جارہا ہے کہ ان کا حال بھی بے نظیر بھٹو اور بشیر بلور کی طرح ہوگا۔
واضح رہے کہ نور عالم خان بھی پی ٹی آئی کے منحرف اراکان میں سے ایک ہیں جو گزشتہ دنوں سندھ ہاؤس اسلام آباد میں منظر عام پر آئے تھے۔ سندھ ہاؤس میں جیو نیوز کے اینکر حامد میر سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی راجہ ریاض نے کہا تھا کہ ان سمیت 24 کے قریب لوگ سندھ ہاؤس میں موجود ہیں اور وہ تحریک عدم اعتماد میں ضمیر کے مطابق ووٹ ڈالنا چاہتے ہیں۔