Time 19 مارچ ، 2022
پاکستان

پی ٹی آئی نے کن 14 ارکان قومی اسمبلی کو شوکاز جاری کیے؟ نام سامنے آگئے

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے  14 ارکان قومی اسمبلی کو اظہارِ وجوہ کے نوٹسز جاری کردیے۔

اعلامیے کے مطابق نوٹسز سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی اسد عمر کی جانب سے جاری کیے گئے ہیں جس میں کہا گیا ہے کہ 26 مارچ تک پارلیمانی رہنماعمران خان کے روبروپیش ہوکر وضاحت دیں۔

نوٹس کے متن کے مطابق ذرائع ابلاغ پرآپ کی جماعت سےعلیحدگی کی اطلاعات زیرِگردش ہیں اور اطلاعات کے مطابق آپ پی ٹی آئی پارلیمانی پارٹی سے علیحدہ ہوکرحزب اختلاف کاحصہ بن چکےہیں، حزب اختلاف کی یہ جماعتیں وزیراعظم کیخلاف عدم اعتماد کی تحریک لاچکی ہیں۔

نوٹس میں کہا گیا ہے کہ آپ نے خود سے منسوب اطلاعات کی تردید کی نہ ہی کوئی وضاحت سامنے آئی، دستور کی دفعہ 63 اے آپ کوجماعتی ہدایات پرعمل کرنےکا پابند بناتا ہے لہٰذا قومی اسمبلی میں پارلیمانی پارٹی کےسربراہ کےروبرو پیش ہوکرصفائی پیش کریں اور اظہارِوجوہ کے نوٹس کا جواب دیں۔

اعلامیے کے مطابق رمیش کمار، خواجہ شیراز، وجیہہ قمر، سردار ریاض محمود مزاری، عامرطلال گوپانگ، باسط سلطان، عبدالغفاروٹو، افضل خان ڈھانڈلہ، رانا قاسم نون، احمد حسین دیہڑ، راجہ ریاض، نواب شیروسیر، نزہت پٹھان اورنورعالم خان کو اظہارِ وجوہ کا نوٹس جاری کیے گئے ہیں۔

مزید خبریں :