21 مارچ ، 2022
بھارت میں مسلمان مخالف فلم ’دی کشمیر فائلز ‘ کی نمائش کے دوران مسلمان نوجوانوں نے ’ پاکستان زندہ باد ‘ کے نعرے لگادیے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ریاست تلنگانہ کے ضلع عادل آباد کے ایک سنیما میں مبینہ طور پر دو نوجوانوں کو پاکستان زندہ باد کے نعرے لگانے پر زدوکوب کیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق سنیما میں پاکستان زندہ باد کے نعرے سن کر بھارتی ناظرین بپھر گئے اور مسلمان نوجوانوں کو تشدد کا نشانہ بنایا۔
صورتحال بگڑنے پر تھیٹر انتظامیہ نے پولیس کو طلب کرلیا تاہم دونوں نوجوان بھاگ نکلنے میں کامیاب ہوگئے جب کہ پولیس نے بھی صورتحال کو فوری کنٹرول کرلیا۔
واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر بھی وائرل ہورہی ہے جس میں چند لوگوں کے درمیان بحث و مباحثہ سنا جاسکتا ہے جب کہ اسی دوران ایک شخص دوسرے کے ساتھ مار پیٹ بھی کر رہا ہے۔
خیال رہے کہ فلم دی کشمیر فائلز کو جہاں ایک طرف پسند کیا جارہا ہے وہیں مداحوں کی جانب سے فلم کو پروپیگنڈا قرار دیتے ہوئے فلم سازوں پر تنقید بھی کی جارہی ہے۔