Time 21 فروری ، 2020
دنیا

بھارت میں پاکستان زندہ باد کے نعروں کی گونج بڑھنے لگی

فوٹو: فائل

بھارت  میں پاکستان زندہ باد کے نعروں کی گونج میں روز بروز اضافہ ہوتا جا رہا ہے اور آج بھی بنگلورو میں آج بھی ایک شہری نے پاکستان زندہ باد کا نعرہ لگا دیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق شہریت کے متنازع قانون کے خلاف ریلی میں شریک ایک شخص نے پاکستان زندہ باد کا نعرہ لگایا۔

رپورٹ کے مطابق 24 گھنٹوں میں بھارت میں حکومت مخالف ریلی کے دوران پاکستان زندہ باد کا نعرہ لگنے کا یہ دوسرا واقعہ ہے۔

بھارتی میڈیا کا بتانا ہے کہ بنگلورو میں گزشتہ روز پاکستان زندہ باد کا نعرہ لگانے والی لڑکی کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

بھارتی پولیس نے شہریت کے متنازع قانون کے خلاف ریلی میں نعرہ لگانے والی لڑکی پر بغاوت کا مقدمہ درج کر لیا ہے جب کہ عدالت نے لڑکی کو 14 روزہ ریمانڈ پر بھیج دیا ہے۔

متنازع شہریت قانون کیا ہے؟

متنازع شہریت بل 9 دسمبر 2019 کو بھارتی پارلیمنٹ کے ایوان زیریں (لوک سبھا) سے منظور کروایا گیا اور 11 دسمبر کو ایوان بالا (راجیہ سبھا) نے بھی اس بل کی منظوری دے دی تھی۔

بھارتی پارلیمنٹ کے ایوانِ زیریں میں وزیرِ داخلہ امیت شاہ کی جانب سے بل پیش کیا گیا جس کے تحت پاکستان، بنگلا دیش اور افغانستان سے بھارت جانے والے غیر مسلموں کو شہریت دی جائے گی لیکن مسلمانوں کو نہیں۔

تارکینِ وطن کی شہریت سے متعلق اس متنازع ترمیمی بل کو ایوان زیریں (لوک سبھا) میں 12 گھنٹے تک بحث کے بعد کثرتِ رائے سے منظور کر لیا گیا تھا۔

ایوان زیریں کے بعد ایوان بالا (راجیہ سبھا) میں بھی اس متنازع بل کو کثرت رائے سے منظور کیا جا چکا ہے۔

متنازع شہریت بل بھارتی صدر رام ناتھ کووند کے دستخط کے بعد باقاعدہ قانون کا حصہ بن گیا ہے۔

بھارت میں بڑے پیمانے پر مظاہرے

متعدد بھارتی ریاستوں نے شہریت کے متنازع قانون پر عمل درآمد سے انکار کر دیا ہے جب کہ بھارت کے کئی شہروں میں متنازع قانون کے خلاف بڑے پیمانے پر احتجاجی مظاہرے جاری ہیں جس میں بھارتی اداکار، دانشور، ادیب اور  اپوزیشن جماعتیں بھی پیش پیش ہیں۔

مزید خبریں :