Time 24 مارچ ، 2022
دنیا

روس کا قدرتی گیس کی قیمت ڈالر اور یورو کے بجائے روبل میں لینے کا اعلان

کوئی وجہ نہیں کہ امریکا اور یورپ کو اشیا دیں اور قیمت ڈالر یا یورو میں لیں: روسی صدر. فوٹو: فائل
 کوئی وجہ نہیں کہ امریکا اور یورپ کو اشیا دیں اور قیمت ڈالر یا یورو میں لیں: روسی صدر. فوٹو: فائل

روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن نے قدرتی گیس کی قیمت ڈالر اور یورو کے بجائے روسی کرنسی روبل میں لینےکا اعلان کر دیا۔

ولادیمیر پیوٹن کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ کوئی وجہ نہیں کہ امریکا اور یورپ کو اشیا دیں اور قیمت ڈالر یا یورو میں لیں۔

روسی صدر کا کہنا تھا کہ غیر دوست ممالک کو پیٹرولیم مصنوعات کی فروخت روبل میں کریں گے۔

دوسری جانب اٹلی کا کہنا ہے کہ روس سے گیس کی خرید یورو ہی میں کی جانی چاہیے، روس سے گیس کی خرید روبل میں کرنے کا تاحال فیصلہ نہیں کیا۔

اٹلی کا کہنا ہے کہ روسی صدر کی جانب سے یورو کے بجائے روبل میں ادائیگی کا مطالبہ پابندیوں سے بچنے کی کوشش ہے۔

آسٹریا کا کہنا ہے کہ روس سے گیس کی خرید روبل نہیں یورو ہی میں کریں گے۔

خیال رہے کہ روس کی جانب سے یوکرین پر حملے کے بعد امریکا اور برطانیہ سمیت متعدد یورپی ممالک روس پر معاشی پابندیوں کا اعلان کر چکے ہیں۔

مزید خبریں :