24 مارچ ، 2022
آسٹریلوی بولر مچل اسٹارک نے شاہینوں کو شکار کرنے کیلئے اپنا اہم ہتھیار بتادیا۔
گزشتہ روز میچ کے اختتام پر میڈیا سے گفتگو کے دوران مچل اسٹارک نے پاکستان کیخلاف لاہور ٹیسٹ میں کامیابی کی کنجی ریورس سوئنگ کو قرار دیا۔
مچل اسٹارک کا کہنا تھا کہ کراچی ٹیسٹ میں ہمارا خیال تھا کہ وکٹ پر جتنے کریکس ہوتے ہیں اس سے کچھ مختلف ہوں گے تاہم توقعات کے برعکس ہوا لہٰذا اب ہم نے اپنے بولرز پر زور دیا ہے کہ قذافی اسٹیڈیم کی پچ کے بجائے ریورس سوئنگ پر انحصار کریں۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے پچھلے دونوں میچز میں اچھی بیٹنگ کی لیکن ہم میچ کو نتیجے تک نہ پہنچا سکے، یہی وجہ تھی کہ پچھلے میچز ڈرا ہوگئے ۔
مچل اسٹارک کا کہنا تھا کہ کراچی ٹیسٹ میچ میں پاکستانی بیٹرز کو اچھی بیٹنگ کا سہرا جاتا ہے لیکن ہم اب اچھی پوزیشن میں ہیں۔
خیال رہے کہ لاہور ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں آسٹریلیا نے پہلی اننگز میں 391 رنز بنائے جب کہ جواب میں قومی ٹیم 268 رنز پر آؤٹ ہوگئی تھی۔
آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز نے اس اننگز میں 5 آؤٹ کیے جب کہ مچل اسٹارک نے 4 وکٹیں لی تھیں۔