Time 25 مارچ ، 2022
پاکستان

منحرف حکومتی ارکان کی تعداد حکومتی گنتی سے کہیں زیادہ ہے: حامد میر

سینئر تجزیہ کار اور جیو نیوز کے پروگرام کیپیٹل ٹاک کے میزبان حامد میر کا کہنا ہے کہ حکومت تو دعویٰ کر  رہی ہے کہ منحرف ارکان واپس آ رہے ہیں لیکن منحرف ارکان کی تعداد حکومتی گنتی سے کہیں زیادہ ہے۔

جیو نیوز کے مارننگ شو جیو پاکستان میں گفتگو کرتے ہوئے حامد میر کا کہنا تھا کہ پچھلے دو تین روز میں عمران خان کے منحرف ارکان سے ملاقاتیں ہوئیں، وہ 12، 13 نہیں بلکہ ان کی تعداد کافی زیادہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایک خاتون ممبر اور ان کے شوہر رات گئے بات کر رہے تھے کہ آپ لوگوں کو عمران خان کا امر بالمعروف والا کلب نہیں چلانا چاہیے تھا، کیا آپ لوگوں کو نہیں پتا کہ عمران خان جھوٹ بول رہے ہیں۔

منحرف ممبران نے کہا کہ ایک طرف عمران خان عوام میں کہہ رہے ہیں کہ یہ نیکی اور بدی کی جنگ ہے اور دوسری طرف ہمارے پاس لوگ بھی بھیج رہے ہیں، عمران خان جلسوں میں یہ بھی کہتے ہیں کہ واپس آ جاؤ تمھیں کچھ نہیں کہا جائے گا، اگر ہم غلط ہیں تو پھر ہمیں بلا کر کون سی نیکی اور بدی کی جنگ لڑ رہے ہیں۔

پی ٹی آئی کے منحرف ارکان کا کہنا ہے کہ فواد چوہدری دعویٰ کرتے ہیں کہ منحرف 6 سے 7 اراکین واپس آ چکے ہیں تو کیا آپ کو نہیں معلوم کہ ہم کہاں ہیں اور ہماری تعداد کتنی ہے، فواد چوہدری ٹی وی پر جھوٹ بولتے ہیں تو کیا یہ نیکی اور بدی کی جنگ ہے۔

سینئر تجزیہ کار نے کہا کہ عمران خان کہتے ہیں کہ کسی کو این آر او نہیں دوں گا لیکن اب اپوزیشن بھی کہ رہی ہے کہ ہم عمران خان کو این آر او نہیں دیں گے۔

مزید خبریں :