25 مارچ ، 2022
سابق صدر اور پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما آصف علی زرداری کا کہنا ہے کہ اگر حکومت نے احتجاج کی اجازت نہ دی تو ہنگامہ کریں گے۔
پارلیمنٹ ہاؤس میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے آصف علی زرداری کا صحافیوں کے سوالوں کے جواب دیتے ہوئے کہنا تھا اگر اللہ نے چاہا تو تحریک عدم اعتماد 100 فیصد کامیاب ہو گی۔
اسپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے تحریک پیش کرنے کی اجازت نہ ملی تو پھر کیا کریں گے؟ کے سوال پر آصف زرداری کا کہنا تھا کہ ’پھر آپ کے ساتھ مل کر ہنگامہ کریں گے‘۔
غیر جمہوری قوتوں کے فائدہ اٹھانے سے متعلق سوال پر سابق صدر کا کہنا تھا کہ اس کے لیے حکمت عملی ایک ہی ہے کہ اگر کسی کو اتنا شوق ہے تو ہاتھ سنھبال لے۔
خیال رہے کہ قومی اسمبلی کا اجلاس اسپیکر اسد قیصر کی زیر صدارت آج ہو گا جس کا ایجنڈا بھی جاری کر دیا گیا ہے، قومی اسمبلی اجلاس کے ایجنڈے میں وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد بھی شامل ہے تاہم حکومت نے بھی تحریک عدم اعتماد کو پیش ہونے سے روکنے کے لیے حکمت عملی تیار کر لی ہے۔