25 مارچ ، 2022
پاکستان مسلم لیگ (ق) کے رہنما و سینیٹر کامل علی آغا نے کہا ہے کہ حکومتی وفد سے کل کی ملاقات میں کوئی فیصلہ ہونے نہیں جارہا۔
جیو نیوز کے پروگرام 'آج شاہ زیب خان زادہ کے ساتھ' میں گفتگو کرتے ہوئے کامل علی آغا کا کہنا تھاکہ حکومت سے متعلق یہی کہا جاسکتا ہے کہ ہمیشہ دیر کردیتا ہوں میں، حکومت یا وزیراعظم نے ق لیگ کے ساتھ کتنی ملاقاتیں کی ہیں، وزیراعظم نے ایک ملاقات کی اور اس میں بھی عدم اعتماد کی بات نہیں کی، چوہدری شجاعت ہمیشہ کہتے ہیں فیصلہ کرنے سے پہلے سو بار سوچنا چاہیے۔
ان کا کہنا تھاکہ انھوں نے اتنا وقت لیا کہ لوگ اپنے فیصلے کرنے پر مجبور ہوئے، راجہ ریاض بار بار کہہ رہے ہیں کہ ہمارے پاس 27 بندے ہوچکے ہیں، بہت بڑی تعداد ان کے اپنے گھر سے جاچکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اب جلسے شروع کردیے تاکہ ثابت کرسکیں کہ مقبولیت بڑھ گئی ہے، عدم اعتماد کی تحریک کا ازالہ یہ جلسے یا اجتماعات نہیں کرسکتے، تحریک عدم اعتماد کا فیصلہ پارلیمنٹ میں ہونا ہے۔
کامل آغا کا کہنا تھاکہ کل کی میٹنگ میں کوئی فیصلہ ہونے نہیں جارہا، وزیراعظم نے بہت دیر کردی ہے، اگر کوئی بات ہوسکتی تھی تو وہ وزیراعظم کے ساتھ ہوسکتی تھی، ان کو ملاقات کیلئے خود جانا چاہیے تھا۔
خیال رہے کہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کل چوہدری برادران سے ملاقات کریں گے اور وزیراعظم عمران خان کا اہم پیغام پہنچائیں گے۔