26 مارچ ، 2022
یوکرین کی وزارت دفاع نے امریکی کمپنی کے سافٹ ویئر کی مدد سے مصنوعی ذہانت کے ذریعے یوکرین میں ہلاک روسی فوجیوں کی شناخت کا دعویٰ کیا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی سے گفتگو میں یوکرین کے نائب وزیراعظم کا کہنا تھا کہ چہرہ شناس سافٹ ویئر کلیئرویو کی مدد سے جھڑپوں میں ہلاک روسی فوجیوں کو شناخت کیا جا رہا ہے تاکہ ان کے اہل خانہ کو ان کے متعلق معلوم ہوسکے۔
یوکرین کے نائب وزیراعظم جو وزارت ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن کے بھی سربراہ ہیں نے میڈیا کو بتایا کہ کلیئرویو کی مدد سے سوشل میڈیا پر موجود روسی فوجیوں کے اکاؤنٹس تلاش کرکے ان سے معلومات حاصل کی جا رہی ہیں۔
انہوں نےکہا کہ سوشل میڈیا کے ذریعے انسانی ہمدردی کے تحت روسی فوجیوں کے اہل خانہ تک تفصیلات پہنچائی جارہی ہیں تاکہ اہل خانہ کو معلوم ہو کہ ان کے لخت جگر کہاں ہیں اور ان کیلئے اپنے بچوں کی لاشیں حاصل کرنا مکمن ہوسکے۔
رواں ماہ غیر ملکی خبر رساں ادارے نے دعویٰ کیا تھا کہ یوکرین کے حکام کلیئر ویو سافٹ ویئرکا استعمال کررہے ہیں تاہم تاحال یہ واضح نہیں ہوسکا کہ اس ٹیکنالوجی کا استعمال کب سے کیا جارہا ہے۔